Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

”بدو بدی“ کو یوٹیوب سے کیوں ہٹایا گیا، چاہت فتح نے وضاحت کر دی

"بدو بدی" ڈیلیٹ ہونے سے پہلی 28 ملین ویوز حاصل کر چکا تھا
اپ ڈیٹ 13 جون 2024 11:24am

چاہت فتح علی خان ایک وائرل پاکستانی سوشل میڈیا انٹرٹینر ہیں، جو اپنی مزاحیہ گلوکاری کے لئے جانے جاتے ہیں۔ حال ہی میں وہ اپنے ہٹ گانے ”بدو بدی“ کی وجہ سے بے حد مقبول ہوئے، جو بین الاقوامی سطح پر ٹرینڈ ہوا اور 28 ملین ویوز حاصل کیے۔ تاہم کاپی رائٹ کے معاملات کی وجہ سے یوٹیوب نے اس ویڈیو کو ہٹا دیا۔

چاہت فتح علی خان کے مداح یوٹیوب سے اس گانے کو ہٹائے جانے پر پریشان ہیں۔ ہر کوئی گلوکار سے گانے کو حذف کرنے کے بارے میں سوالات پوچھ رہا ہے۔

کورین پاپ اسٹار اورا کی چاہت فتح علی خان کے“ بدو بدی“ پر ویڈیو

گلوکار نے ویڈیو کال کے ذریعے نجی چینل نیوز کے پروگرام میں شرکت کی۔ شو میں میزبان وسیم بادامی نے یوٹیوب سے ”بدو بدی“ کو ہٹانے سے متعلق سوال پوچھاکہ، یوٹیوب نے آپ کے گانے کو کیوں ہٹایا؟

وسیم بادامی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے چاہت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ، جب میں نے یہ گانا یوٹیوب پر اپ لوڈ کیا تو مجھے 10 دن بعد خط ملا کہ ایک کمپنی نے اس گانے کے کاپی رائٹ کا دعویٰ کیا ہے۔

میں نے انہیں ایک خط بھی لکھا اور جواب دیا کہ یہ گانا اور کمپوزیشن میرا ہے، میرے ساتھ ایسا مت کریں کیونکہ میں گزشتہ گیارہ سال سے ایک چینل چلا رہا ہوں اور اب الحمدللہ میرا چینل بھی بہت اچھا چل رہا ہے۔

میرے گانے ”بدو بدی“ کے وائرل ہونے کے بعد مجھے بہت سارے سبسکرائبر ملے ہیں۔ اب، انہوں نے مجھے ایک اور خط بھیجا ہے کہ یہ گانا مشہور گلوکارنور جہاں نے گایا تھا، اور انہوں نے کاپی رائٹس کا دعوی کیا ہے، لہذا ہم اسے حذف کر رہے ہیں۔ مجھے نہیں معلوم کہ وہ یہ کیسے کہہ رہے ہیں، کیونکہ میری کمپوزیشن میڈم نور جہاں کے گانے سے مختلف ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ انہیں موسیقار کے پوتے نے کریڈٹ دینے کے لیے کہا تھا لیکن یہ صرف ان کا گانا تھا۔

چاہت فتح علی خان کا ’بدو بدی‘ کس نے ڈیلیٹ کروایا؟

واضح رہے کہ اس سے قبل اٹھائیس ملین ویوز کے حامل گانے ”بدوبدی“ کی ماڈل وجدان راؤ نے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ یوٹیوب سے گانا ڈیلیٹ کروانے والے کوئی اور نہیں بلکہ معروف پاکستانی گلوکار ابرارالحق ہیں۔ کیونکہ ابرارالحق گانے کی مقبولیت سے جیلس (حاسد) ہوگئے تھے۔

social media

entertainment

lifestyle