پولیس ایس ایچ او سے چوری کی گاڑی برآمد، سرکاری ڈرائیور سمیت گرفتار
کوٹئہ کے سول لائن پولیس نے گاڑی چوری کے الزام میں حاضر سروس ایس ایچ او بجلی روڈ اور اس کے سرکاری ڈرائیور کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا جبکہ مسروقہ گاڑی بھی برآمد کر لی گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق بدھ کو سول لائن تھانے کو ایک شہری کی جانب سے اطلاع ملی کہ ایک نجی کار پارکنگ میں اس کی چوری شدہ گاڑی کھڑی ہے جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گاڑی برآمد کرکے پارکنگ ملازم کو گرفتار کر لیا اور تھانے لے آئی۔
ذرائع نے بتایا کہ گرفتار پارکنگ ملازم نے دوران تفتیش افسران کو بتایا کہ ایس ایچ او تھانہ بجلی روڈ ملک آصف اور اس کے سرکاری ڈرائیور نے گاڑی پارکنگ میں کھڑی کی تھی اور اس سے قبل بھی کئی بار گاڑیاں لا کر کھڑی کرنے کے کچھ دنوں بعد لے جاتے رہے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق برآمد ہونے والی گاڑی چند روز قبل شہر سے چرائی گئی تھی، اس معاملے کی اطلاع ڈی آئی جی کوئٹہ اعتزاز احمد گورایہ کو جیسے ہی ملی انہوں نے ایس ایچ او ملک آصف اور ڈرائیور کو فوری طور پر گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کی۔
ڈی آئی جی کوئٹہ نے آج نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس میں ایسی کالی بھیڑوں کے لئے کوئی گنجائش نہیں اور ایسے اہلکاروں کے ساتھ بالکل بھی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
واضح رہے کہ ڈی آئی جی کوئٹہ نے اس سے قبل بھی متعدد افسران کو شوکاز نوٹس جاری کئے یا انہیں کوئٹہ سے باہر ڈیوٹی پر تعینات کروایا۔
Comments are closed on this story.