Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

امریکا میں تاجکستان کے 10 باشندے داعش سے تعلق کے شبہے میں گرفتار

ڈی پورٹ کرنے کی تیاری، ایف بی آئی اور ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکیورٹی نے تصدیق کردی
شائع 12 جون 2024 01:45pm

ذرائع نے بتایا ہے کہ امریکا میں چند روز کے دوران تاجکستان سے تعلق رکھنے والے 10 افراد کو داعش کے ایک گروپ سے مبینہ تعلق کے شبہے میں گرفتار کیا گیا ہے۔

جنوبی سرحد سے ملک میں داخل ہونے والے ان تاجکستانی شہریوں کو نیو یارک، فلاڈیلفیا اور لاس اینجلس میں گرفتار کیا گیا۔ انہیں بظاہر امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کی بنیاد پر پکڑا گیا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واضح نہیں ہوسکا کہ داعش کے گروپ سے ان کے مبینہ تعلق کی نوعیت کیا تھی تاہم یہ بات سامنے آئی ہے کہ امریکا کے مرکزی تفتیشی ادارے ایف بی آئی کی جوائنٹ ٹیررازم ٹاسک فورس نے ان پر نظر رکھی ہوئی تھی۔

تاجکستان کے یہ باشندے اس وقت یو ایس امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ کی تحویل میں ہیں۔ انہیں یو ایس امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ اور جوائنٹ ٹیررازم ٹاسک فورس نے مشترکہ کارروائی میں گرفتار کیا تھا۔ اب انہیں ملک بدر کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔

تاجکستان کے یہ تمام باشندے گزشتہ موسمِ بہار میں امریکا میں داخل ہوئے تھے اور امریکی حکومت کی اسکریننگ کے دوران ان کے حوالے سے کوئی مشکوک بات سامنے نہیں آئی تھی۔

ایف بی آئی اور داخلی سلامتی کے محکمے نے چند غیر امریکی باشندوں کو امیگریشن سے متعلق معاملات میں گرفتار کرنے کی تصدیق کی ہے۔ دونوں اداروں نے بتایا کہ امریکا اس وقت خطرناک کیفیت سے دوچار ہے۔

FBI

Tajikistan

10 HELD IN USA

DAESH

CUSTOMS ENFORCEMENT