Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاک فوج کی دہشتگردوں کیخلاف حالیہ بڑی کامیابیاں، 181 دہشت گرد ہلاک

ٹی ٹی پی کے ناپاک عزائم اور منصوبے آشکار ہونا شروع ہوگئے
شائع 12 جون 2024 01:03pm

افواج پاکستان نے دہشت گردی کے ناسور کے خلاف مؤثر کاروائیاں کرتے ہوئے بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں، بر وقت انٹیلی جنس کی بدولت عید الفطر کے بعد، ٹی ٹی پی کے ناپاک عزائم اور منصوبے آشکار ہونا شروع ہوگئے۔

سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی کمر توڑنے کے لیے یکم اپریل سے 10 جون 2024 تک خیبر پختونخوا، بلوچستان اور سندھ میں 7 ہزار 745 آپریشنز کیے۔

خیبرپختونخوا میں 2 ہزار 701، بلوچستان میں 4 ہزار 902 اور سندھ میں 142 آپریشنز کیے گئے، ان آپریشنز کے دوران 181 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

خیبر پختونخوا میں 128، بلوچستان میں 51 اور سندھ میں 2 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔

صرف مئی کے مہینے میں بلوچستان میں 12 جبکہ خیبرپختونخوا میں 42 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، خیبر پختونخوا اور بلوچستان سے مئی کے مہینے میں 61 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ دہشت گردوں کو سرحد پار سے دراندازی کی کوششوں کے دوران ہلاک کیا گیا۔

رواں سال ملک بھر میں 566 دہشت گرد ہلاک، سکیورٹی اہلکاروں سمیت ایک ہزار شہید

سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے دہشت گرد تنظیم ٹی ٹی پی شہری علاقوں میں اپنے مذموم عزائم میں ناکام رہی ہے، ناکامی کو چھپانے کے لیے ٹی ٹی پی نے قبائلی علاقوں کے غریب عوام کو اغواء برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ پر مجبور کیا اور نشانہ بنایا۔

باجوڑ، دیر اور چترال کے علاقوں میں بر وقت خفیہ اطلاعات کی بنا پر کم از کم 20 گنا دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنا دیا گیا، بشام میں چینی شہریوں کو نشانہ بنانے والا ٹی ٹی پی کا نیٹ ورک پکڑا جا چکا ہے، بشام حملے میں ملوث دہشت گرد عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔

سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں پر ژوب بارڈر سے دراندازی کے دوران گھات لگا کر حملہ کیا جس میں 7 دہشت گردوں کو جہنم واصل اور 2 کو گرفتار کرلیا گیا۔

ڈی آئی خان اور ٹانک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں گھات لگا کر 12 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا جبکہ شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 19 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

اس کے علاوہ سیکیورٹی فورسز نے لکی مروت کے علاقے شیخ بدین میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن اور چھاپہ مار کارروائی کرکے 11 دہشت گرد ہلاک کیے۔

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں پشین اور قلعہ عبداللہ میں دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے گھات لگا کر حملہ کیا جس میں 5 دہشت گرد ہلاک اور 1 کو گرفتار کیا گیا۔

گزشتہ ماہ کے دوران ایک افغان شہری سمیت 2 خودکش حملہ آوروں کو ان کے ہینڈلرز سمیت دراندازی کرتے ہوئے گرفتار اور ان کی نشاندہی پر خودکش جیکٹس بھی برآمد کی گئیں۔

سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کے دوران بلوچستان سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود، دھماکا خیز مواد بشمول 4 خودکش جیکٹس اور 14 آئی ای ڈیز برآمد کیں۔

سال 2023 خیبر پختونخوا کیلئے کتنا مہلک ثابت ہوا

کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز نے ٹی ٹی پی کا ماہِ محرم پر حملوں کا بڑا منصوبہ ناکام کرتے ہوئے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا خاتمہ کیا۔

ٹی ٹی پی کی قیادت سیکیورٹی فورسز کی جانب سے پے در پے حملوں سے پریشانی اور بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے، قوم کی مکمل حمایت سے سیکیورٹی فورسز پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، پاکستان کی سرزمین پر ٹی ٹی پی یا کسی دوسرے دہشت گرد گروپ کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔

security forces

اسلام آباد

terrorist attacks

security forces operation

Terrorism in Pakistan

Terrorists killed

Intelligence Based Operation (IBO)

TTP Terrorists