Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

بھارت نے پاکستان اور چین سے مذاکرات کی خواہش ظاہر کردی

سرحدی تنازعات سمیت تمام معاملات پر گفت و شنید ہونی چاہیے، وزیر خارجہ ایس جے شنکر
شائع 12 جون 2024 11:12am

بھارت نے پاکستان اور چین کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے سرحدی تنازعات ختم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ بھارتی وزیرِ خارجہ سُبرامنیم جے شنکر نے پاکستان اور بھارت کے ساتھ دیرینہ تنازعات ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

دوسری مدت کے لیے وزیرِ خارجہ مقرر کیے جانے کے موقع پر ایس جے شنکر نے کہا کہ پاکستان اور چین سے سرحدی تنازعات نے دو طرفہ تعلقات کو ایک مدت سے کشیدہ کر رکھا ہے۔

2019 مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلواما میں بھارتی قابض فوج کے ایک قافلے پر حملے کا الزام بھارت نے پاکستان میں سکونت اختیار کیے ہوئے مجاہدین پر عائد کیا تھا۔ تب سے دو طرفہ تعلقات مکمل کشیدگی کا شکار ہیں۔

اس واقعے کے بعد بھارت نے ایبٹ آباد میں فضائی حملہ کیا تھا جس کے جواب میں پاک فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کا طیارہ اپنی حدود میں مار گرایا تھا اور بھارتی پائلٹ ابھینندن گرفتار کرلیا گیا تھا۔

نریندر مودی نے مسلسل تیسری مدت کے لیے اتوار کو وزیرِ اعظم کا منصب سنبھالا تھا۔ اس کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم کے درمیان رابطہ ہوا۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور اُن کے بڑے بھائی سابق وزیرِ اعظم نواز شریف نے بھارتی وزیرِ اعظم کو مبارک باد دی۔ یہ بھارت میں انتخابات کے حوالے سے پاکستان کی طرف سے پہلا ریسپانس تھا۔

ایس جے شنکر کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان کے ساتھ دیرینہ تنازعات کا حل چاہتے ہیں۔ ان میں سرحد پار سے مبینہ دہشت گردی نمایاں ہے۔ ایس جے شنکر کا کہنا تھا کہ سرحد پار دہشت گردی کسی اچھے پڑوسی کی پالیسی نہیں ہوسکتی۔

بھارتی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ چین کے ساتھ بھی متعدد معاملات حل طلب ہیں۔ اس حوالے سے کام کرنے کی ضرورت ہے اور بھارت اس کے لیے تیار ہے۔

چین اور بھارت کے درمیان 3800 کلومیٹر کی سرحد ہے۔ اس کا بڑا حصہ غیر نشان زد ہے۔ سرحدی تنازع پر ایٹمی ہتھیاروں کے حامل دونوں ملک 1962 میں جنگ لڑچکے ہیں۔

جولائی 2020 میں بھارت اور چین کے درمیان سرحدی کشیدگی نقطہ عروج کو پہنچی اور جھڑپوں میں 20 بھارتی اور 4 چینی فوجی مارے گئے۔ یہ ہلاکتیں دو بہ دو لڑائی میں ہوئیں کیونکہ ہتھیاروں کا استعمال ممنوع ہے۔

bilateral ties

Indian FM

S JAI SHANKAR

TALKES HINTED