Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزن کی بنیاد پر بکرے کی خریداری میں عوام کی دلچسپی

مویشیوں کی خرید و فروخت عروج پر پہنچ گئی
شائع 12 جون 2024 01:37am

عید قرباں میں صرف چند دن ہی باقی رہ گئے ہیں جس کے پیش نظر مویشی منڈیوں میں لوگوں کا تانتا بندھ گیا تاہم جانوروں کی ہوشربا قیمتوں کے ساتھ بیوپاریوں کے نخرے کے باعث عوام وزن کی بنیاد پر بکرے کی خریداری کو ترجیح دے رہے ہیں۔

کراچی میں عید قرباں کی تیاریاں جاری ہیں لوگ مویشیوں کی خریداری میں مصروف ہیں لیکن شہریوں کو بیوپاریوں کی جانب سے منہ مانگے دام اور اس کے ساتھ نخروں نے پریشان کردیا ہے ۔

ایسے میں کراچی کے کئی مقام پر زندہ جانوروں کو تول کر فروخت کرنے کا سلسلہ جاری ہے جس میں شہری بھی خاصی دلچسپی لیتے نظر آرہے ہیں ۔

ضیاالدین چورنگی پر قائم بکروں کی منڈی میں تول کر زندہ بکروں کی فروخت میں تیزی آگئی ، بیوپاری کا کہنا ہے کہ یہاں کوئی مول بھاو نہیں ہوتی لوگ اپنی مرضی سے اپنی پسند کے بکرے کا انتخاب کرتے ہیں اور اسے تول کر فکس ریٹ پر لے جاتے ہیں ۔

بیوپاری نے بتایاکہ نر بکرے 1200 روپے کلو جبکہ خصی بکرے 1300 روپے کلوفروخت کئے جارہے ہیں ، یہ بکرے زیادہ تر اندرون سندھ سے لائے گئے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ یہاں نہ صرف آسانی سے بکرے کی خریداری ہوجاتی ہے بلکہ بیوپاریوں ناز نخرے بھی نہیں اٹھانا پڑتے ہیں ۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ دیگر منڈیوں میں قیمت کو لے کر گھنٹوں بیوپاری سے بحث و تکرار کرنی پڑتی ہے اس کے باوجود بھی وہ دام کم کرنے ہر تیار نہیں ہوتے ہیں ۔

Eid Ul Adha 2024

CATTLE FOR QURBANI

Bakra Mandi