Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

نئی مصنوعی ذہانت ’ایپل انٹیلی جنس‘ سے لیس نیا آپریٹنگ سسٹم کونسے آئی فونز پر چل سکے گا؟

کیا آپ کا آئی فون اس نئے سسٹم پر اپ گریڈ ہوگا؟
شائع 11 جون 2024 08:15pm

ایپل اپنا جدید ترین مصنوعی ذہانت سے لیس آپریٹنگ سسٹم متعارف کرانے جارہا ہے، اس دوران سوال اٹھایا جارہا ہے کہ کیا پرانے آئی فونز اس نئے آپریٹنگ سسٹم پر اپ گریڈ ہوسکیں گے؟

تو اس کا جواب ہے کہ ”نہیں“، اس آپریٹنگ سسٹم تک صرف ایک لیول کے آئی فون صارفین کو رسائی حاصل ہوگی۔

ایپل نے پیر کو اپنے چیٹ جی پی ٹی سے چلنے والے اے آئی سے مزین ”ایپل انٹیلی جنس“ نامی آپریٹنگ سسٹم ”iOS 18“ کی نقاب کشائی کی۔

موسم خزاں میں ریلیز ہونے والی ایپل انٹیلی جنس، ایک تخیلاتی امیج، ایموجی بنانےاور ایک بہتر تحریری ٹول کے طور پر کام کرے گی۔

اس میں صارف کی آسانی کے دیگر پہلوؤں کے ساتھ ساتھ ورچوئل اسسٹنٹ سری کا ایک ’زبان کی زیادہ سمجھ‘ والا ورژن بھی پیش کیا جائے گا۔

تاہم، کمپنی کے مطابق ، صرف جدید اور موجودہ آئی فونز ہی ایپل انٹیلی جنس کے ساتھ مطابقت پذیر ہوں گے۔

صرف جدید ترین آئی فون 15 پرو اور آئی فون 15 پرو میکس، جو A17 چپس پر چلتے ہیں، اس آپریٹنگ سسٹم کیلئے مطابقت پذیر موبائل ڈیوائسز ہیں۔

ایپل انٹیلی جنس آئی پیڈ پرو اور آئی پیڈ ایئر ڈیوائسز پر ایم ون یا اس سے بعد کی جنریشن والی چپس کے ساتھ بھی کام کر سکتی ہے۔

جہاں تک کمپیوٹرز کا تعلق ہے تو ایم ون یا اس کے بعد کی ایڈوانس چپس سے مزین میک بک ائیر، بیک بک پرو، آئی میک اور میک منی پر ایپل انٹیلی جنس کام کرے گا۔

ایم ون میکس والا میک اسٹوڈیو اور ایم ٹو الٹرا والا میک پرو بھی اپ ڈیٹ کے ساتھ کام کرے گا۔

تاہم، 2016 کے ”ایس ای“ تک پھیلے ہوئے آئی فونز اب بھی آئی او ایس 18 کے لیے اہل ہیں۔

اس کی چند نئی خصوصیات میں ایپل فٹنس اور کیلکولیٹر کی اپ ڈیٹس کے ساتھ SOS ایپ کے ذریعے ہنگامی ویڈیو کو چلانے کی صلاحیتیں اور کالز کی لائیو ٹرانسکرپشن شامل ہیں۔

iOS 18

Apple Intelligence

Compatible iPhones