Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عامر خان کے بیٹے کی ڈیبیو فلم ریلیز سے پہلے ہی انتہا پسندوں کے ہتھے چڑھ گئی

پہلے ہمیں دکھاؤ، پھر بتائیں گے ریلیز کرنی ہے یا نہیں، ہندو انتہا پسندوں کو مطالبہ
شائع 10 جون 2024 05:51pm

بالی ووڈ کے معروف اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسر عامر خان کے بڑے بیٹے جنید خان کا کرئیر شروع ہونے سے قبل ہی انتہا پسندوں کی بھینٹ چڑھ گیا ہے۔

جنید خان فلم ”مہاراج“ سے باقاعدہ اداکاری کی دنیا میں قدم رکھ چکے ہیں، لیکن ریلیز ہونے سے قبل ہی ان کی ڈیبیو فلم کی ریلیز کھٹائی میں پڑگئی۔

”نیٹ فلکس انڈیا“ اور ”یش راج فلمز انٹرٹینمنٹ“ کی جانب سے ”مہاراج“ کا پہلا پوسٹر انسٹاگرام پر جاری کیا گیا تو اسے مداحوں نے کافی پسند کیا۔

فلم 14 جون کو نیٹ فلکس پر اسٹریم کی جانے والی تھی لیکن اس سے پہلے ہی ہندو انتہا پسندوں کے ہتھے چڑھ گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہندو انتہا پسند تنظیم ”بجرنگ دل“ اور ”ہندو وشوا پریشد“ نے یش راج فلمز اور نیٹ فلکس آفیشلز کو فلم کی ریلیز روکنے کیلئے خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ اسٹریمنگ سے پہلے فلم تنظیموں کو دکھائی جائے، کیونکہ شبہ ہے کہ فلم میں موجود کچھ مناظر ایسے ہیں جن سے ہندوؤں کے مذہبی جذبات مجروح ہوسکتے ہیں۔

خط میں مزید لکھا گیا کہ فلم کی ریلیز کا فیصلہ تنظیم اسے دیکھنے کے بعد کرے گی اور اگر فلم کو بغیر دکھائے ریلیز کیا گیا تو ملک میں امن و امان کی صورتحال کشیدہ ہوسکتی ہے۔

واضح رہے کہ فلم انڈسٹری میں میں قدم رکھنے سے پہلے جنید خان نے ٹیلی ویژن سے اپنے کیریئر کا آغاز کردیا تھا۔

وہ بھارتی ریئلٹی شو ”ماسٹر مائنڈز“ کا حصہ رہ چکے ہیں، صرف یہی نہیں انہوں نے اپنے والد عامر خان کی فلم ’پی کے‘ میں ڈائریکٹر راجکمار ہیرانی کے ساتھ بھی کام کیا تھا۔

Junaid Khan

Maharaj

Hindu Vishwa Parishad

Bajrang Dal