Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

بھارتی بزنس مین کو سوا تین کروڑ کی آن لائن چپت

منیش مشرا کو نیو یارک اسٹاک ایکسچینج میں کم سرمائے پر بھرپور منافع کا لالچ دیا گیا تھا
شائع 10 جون 2024 03:32pm
مصںوعی ذہانت سے بنائی گئی علامتی تصویر
مصںوعی ذہانت سے بنائی گئی علامتی تصویر

بھارت کے شہر ناگپور سے تعلق رکھنے والے ایک بزنس مین کو بھارتی نژاد امریکی عورت نے نیو یارک اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کے نام پر 87 لاکھ بھارتی روپے (3 کروڑ 21 لاکھ 90 ہزار پاکستانی روپے) کا چونا لگادیا۔

ناگپور کے 41 سالہ منیش مِشرا نے نیو یارک اسٹاک ایکسچینج کے جس شیئر ٹریڈنگ پلیٹ فارم کے ذریعے سرمایہ کاری کرنے کی کوشش کی وہ جعلی نکلا۔ 87 لاکھ روپے وصول کرنے کے بعد جسلین پرساد ایسے غائب ہوئی جیسے گدھے کے سر سے سینگ۔

فراڈ کا پتا اُس وقت چلا جب بزنس مین سے کہا گیا کہ سیکیورٹی کوڈ کی مد میں مزید 82 لاکھ روپے ادا کرے۔ جسلین پرساد نے منیش مِشرا کو پھانسنے کے لیے غیر معمولی ذہانت کا مظاہرہ کیا اور مختلف حوالے سے بھی دیے۔

منیش مِشرا صرف 10 دن میں 87 لاکھ روپے سے محروم ہوگیا۔ فیس بک پر رابطہ کرنے والی بھارتی نژاد امریکی جسلین پرساد نے نیو یارک اسٹاک ایکسچینج میں معمولی سرمایہ کاری پر غیر معمولی اور فوری منافع کا یقین دلایا تھا۔

منیش مِشرا کے دل و دماغ کو لالچ نے گھیرلیا۔ اُس نے سوچے سمجھے بغیر تین مراحل میں مجموعی طور پر 87 لاکھ روپے کی ’سرمایہ کاری‘ کردی۔

منیش مِشرا امریکی پولیس یا دیگر متعلقہ اداروں میں شکایات بھی درج نہیں کراسکتا کیونکہ اس پورے نام نہاد سودے کے حوالے سے اس کے پاس کوئی دستاویز ہے نہ کوئی رسید۔

ONLINE SCAMS

NYSE FRAUD

INDIAN BUSINESSMAN

INDIAN Rs. 8.7 MILLION