Aaj News

ہفتہ, اکتوبر 05, 2024  
01 Rabi Al-Akhar 1446  

ساہیوال ٹیچنگ اسپتال کے چلڈرن وارڈ میں آتشزدگی سے مزید 2 بچے دم توڑ گئے، تعداد 7 ہوگئی

مزید ایک بچے کی حالت تشویشناک ہے، اسپتال ذرائع
شائع 10 جون 2024 09:36am

پنجاب کے ضلع ساہیوال کے ٹیچنگ اسپتال کے چلڈرن وارڈ میں لگنے والی آگ سے مزید 2 بچے دم توڑ گئے، جس کے بعد جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 7 ہوگئی۔

2 روز قبل ساہیوال کے ٹیچنگ اسپتال کے چلڈرن وارڈ میں آگ لگنے سے 60 سے 70 بچے اور اہل خانہ وارڈ میں پھنس گئے تھے، ان میں سے 2 بچے آگ میں جل کر جاں بحق ہوگئے جبکہ 2 شدید زخمی ہوئے جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے تھے۔

ساہیوال : چلڈرن وارڈ میں آتشزدگی سے 4 بچے جاں بحق

کئی بچوں کو چلڈرن وارڈ کے اسٹاف اور سیکیورٹی گارڈز نے جانوں پر کھیل کر بچایا اور انہیں وارڈ سے نکال کر ایمرجنسی میں منتقل کیا تھا جبکہ آتشزدگی کے باعث چلڈرن وارڈ میں موجود تمام سامان جل کر خاکستر ہوگیا تھا۔

ریسکیو حکام کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی تھی اور شدت زیادہ تھی لیکن اس پر قابو پالیا گیا جبکہ ریسکیو کی 4 گاڑیوں نے آگ بجھانے میں حصہ لیا تھا۔

ساہیوال میں ٹیچنگ اسپتال چلڈرن وارڈ میں گزشتہ روز بھی آگ میں جھلسنے والی ایک بچی دم توڑ گئی تھی تاہم آگ اور دھوئیں کے اثرات سے آج مزید 2 بچے جان کی بازی ہار گئے۔

ساہیوال ٹیچنگ اسپتال کے چلڈرن وارڈ میں آتشزدگی سے ایک اور بچی دم توڑ گئی، تعداد 5 ہوگئی

اسپتال ذرائع نے بتایا کہ مرنے والے بچوں کی تعداد 7 ہوگئی جبکہ مزید ایک بچے کی حالت تشویشناک ہے۔

punjab

Sahiwal

Punjab police

Children Ward Fire

Teaching Hospital Fire