Aaj News

جمعہ, نومبر 15, 2024  
12 Jumada Al-Awwal 1446  

اندرا گاندھی کے قتل کے پوسٹر کینیڈین شہر وینکوور میں نمودار

عوامی تحفظ کے وزیر کا سخت ردِعمل، خالصتان نواز سِکھوں پر ہندوؤں کو خوفزدہ کرنے کا الزام
شائع 09 جون 2024 10:21am

کینیڈا اور بھارت کے درمیان سفارتی سطح پر پائی جانے والی کشیدگی میں اضافے کا امکان ہے۔ کینیڈا میں سابق بھارتی وزیرِ اعظم آں جہانی اندرا گاندھی کے قتل سے متعلق پوسٹرز نمودار ہوئے ہیں۔

گزشتہ برس جون میں کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں خالصتان نواز سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل نے کینیڈا اور بھارت کے تعلقات کشیدہ کردیے تھے۔ یہ کشیدگی برقرار ہے۔ کینیڈا نے اس قتل کا الزام بھارت پر عائد کیا تھا۔ اب تحقیقات سے بھی یہ بات بہت حد تک پایہ ثبوت کو پہنچ چکی ہے۔

اب کینیڈا کے شہر وینکوور میں اندرا گاندھی کے قتل سے متعلق پوسٹر نمودار ہونے سے حکومت متحرک ہوگئی ہے۔ تحقیقات کی جارہی ہے اور یہ خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے کہ اندرا گاندھی کے سِکھ قاتلوں کا ذکر کرتے ہوئے پوسٹر چسپاں کرکے کینیڈا کی سرزمین پر آباد بھارتی ہندوؤں کو خوفزدہ کیا جارہا ہے۔

کینڈا کے عوامی تحفظ، جمہوری استحکام اور بین الصوبائی معاملات کے وزیر ڈومینک اے ڈی بلینک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کینیڈا کی سرزمین پر تشدد کو ہوا دینے کی سرگرمیاں کسی طور برداشت نہیں کی جاسکتیں۔

کینیڈین پارلیمنٹ کے ایک بھارتی نژاد رکن نے بھی حکومت سے کہا ہے کہ وہ کینیڈا میں آباد ہندوؤں کو خوفزدہ کرنے کی کوششوں کا نوٹس لے کر اِس کے تدارک کے لیے سخت تر اقدامات کرے۔

بھارت الزام عائد کرتا رہا ہے کہ کینیڈا کی حکومت خالصتان تحریک کے حامی سِکھوں کو اپنی سرزمین پر خوب پناہ دے رہی ہے اور یہ بات بھارتی مفادات کے خلاف جاتی ہے۔ اس حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان مناقشے کی سی کیفیت بھی پائی جاتی ہے۔ بھارتی قیادت اس حوالے سے کینیدا سے احتجاج بھی کرتی رہی ہے اور معاملات سفارتی عملے کی تعداد گھٹانے تک بھی پہنچتے رہے ہیں۔

INDRA GANDHI

MURDER POSTERS APPEAR

VANCOUVER

PRO KHALISTAN SUPPORTERS

BILATERAL TENSION TO SOAR