Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ایک مہینے میں ترسیلات زر میں 3.2 ارب ڈالرز کا اضافہ، نیا ریکارڈ قائم

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کردئے
شائع 08 جون 2024 11:42am
تصویر: روئٹرز
تصویر: روئٹرز

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 3.2 ارب ڈالر کے ترسیلات زر بھیجے جانے کے بعد ایک نیا ریکارڈ قائم ہوگیا ہے، ملکی تاریخ میں ایک مہینے کے اندر بھیجا جانے والا یہ سب سے زیادہ زرمبادلہ ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق مئی 2024 میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر 54.2 فیصد اضافے کے ساتھ 3.24 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ سال کے اسی مہینے میں2.1 ارب ڈالر تھیں۔

اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر کارکنوں کی ترسیلات زر میں 15.3 فیصد اضافہ ہوا جو گزشتہ ماہ 2.81 ارب ڈالر تھا۔

مجموعی طور پر مالی سال 2024 کے 11 ماہ میں ترسیلات زر 27.09 ارب ڈالر رہیں جبکہ مالی سال 2023 کے 11 ماہ میں ترسیلات زر کی مالیت 25.15 ارب ڈالر تھی جو سالانہ 7.75 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہے۔

مئی 2024 کے دوران سعودی عرب 819.3 ملین ڈالر ترسیلات زر کے ساتھ سرفہرست رہا۔ یہ تعداد ایک سال پہلے کے مقابلے میں تقریباً 56.4 فیصد زیادہ ہے۔

دوسری سب سے زیادہ ترسیلات زر متحدہ عرب امارات سے ہوئیں، جس نے مئی کے دوران 668.5 ملین ڈالر بھیجے جو سالانہ تقریباً 99.0 فیصد زیادہ ہے۔

برطانیہ میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے مئی کے دوران 473.2 ملین ڈالر بھیجے جو گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں تقریباً 54.4 فیصد زیادہ ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق امریکہ سے آنے والی ترسیلات زر 359.5 ملین ڈالر رہیں جو سالانہ تقریباً 39.8 فیصد زیادہ ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق یورپی یونین کے ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر سالانہ 36.4 فیصد اضافے کے ساتھ 33 کروڑ 99 لاکھ 90 ہزار ڈالر تک پہنچ گئیں۔

State Bank Of pakistan

Foreign Exchange