Aaj News

منگل, نومبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Awwal 1446  

جویریہ سعود کا اسرائیل کی حامی کمپنی کےساتھ کام کرنے کا انکشاف

بچوں نے اشتہار مسترد کیا، ہم نے اس میں کام کیا، جویریہ سعود کا اعتراف
شائع 07 جون 2024 01:43pm

اداکارہ جویریہ سعود نے حالیہ دنوں میں انکشاف کیا تھا کہ ان کے بچوں نے فلسطینی حمایت میں امریکا کی ملٹی نیشنل ڈرنک کمپنی کے اشتہار میں کام کرنے سے منع کردیا تھا لیکن اب ایک مارننگ شو میں انہوں نے اقرار کیا کہ بچوں کے انکار کے بعد اسی اشتہار کے لیے انہوں نے شوہر کے ہمراہ کام کیا۔

جویریہ نے اپنے شوہر سعود قاسمی کے ہمراہ حال ہی مٰیں ایک مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے بچوں کی جانب سے اشتہار میں کام کرنے سے انکار والے معاملے پربات کی۔

جویریہ سعود ’ٹی وی کمرشل‘ کی بھاری آفر ٹھکرانے پر اپنے بچوں سے خوش

انہوں نے بتایا کہ ان کے خاندان کو بچوں سمیت ایک ڈرنک کمپنی کے اشتہار میں پیش کش ہوئی تھی اور انہیں اشتہار کے لیے ترکیہ جانا تھا، لیکن ان کے بچوں نے اسرائیل جنگ کی وجہ سے اشتہار میں کام کرنے سے انکار کیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ بچوں کے انکار کے بعد انہوں نے کمپنی کو فون کیا کہ ان کے بچے نہیں مان رہے، جس پر کمپنی نے انہیں کہا کہ آپ ترکیہ آجائیں، وہ کسی اور کے بچے لے لیں گے۔

ان کے مطابق بچوں کے انکار کے بعد وہ اور ان کے شوہر اشتہار کے لیے ترکیہ چلے گئے، جہاں ان کے بچے بار بار انہیں میسیج کرکے یہ احساس دلانے کی کوشش کرتے رہے کہ انہیں پیسوں کی خاطر ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔

جویریہ سعود نے تسلیم کیا کہ ان کی جانب سے اشتہار میں شوہر کے ہمراہ کام کرنے کی حامی بھرنے پر بھی ان کی بیٹی نے انہیں ایسا کرنے سے منع کیا اور کہا کہ ،ہم فلسطین کے لیے جنگ نہیں لڑ سکتے ،لیکن ہمارے اختیار میں جو ہے، ہم وہ کام تو کرسکتے ہیں، ہمیں اسرائیل کی حامی کمپنیوں کا بائیکاٹ کرکے فلسطین کا ساتھ دینا چاہیے۔

دوسری جانب سعود نے کہا کہ بچوں کو کون سمجھائے کہ اگر ہم اس اشتہار میں کام کرنے سے انکار کرتے تو اس کے بعد ہمیں کسی چیوڑے کا اشتہار بھی نہیں ملتا۔

جویریہ اور سعود نے قہقہے لگاتے ہوئے بتایا کہ اُنہوں نے فلسطینی مخالف کمپنی کے ساتھ کام کیا جس پر سوشل میڈیا صارفین نے اس جوڑی پر کڑی تنقید کی۔

صارفین نے کہا کہ یہ جوڑی لالچی ہے، انہوں نے پیسوں کے خاطر معصوم فلسطینیوں کو بھلا دیا اور فخر سے ٹی وی پر بیٹھ کر بتا رہے ہیں کہ ہم نے مذکورہ کمپنی کا اشتہار کیا۔

سوشل میڈیا صارفین نے ان کے بچوں کو ان سے بہتر قرار دیا اور لکھا کہ وہ اپنے بچوں سے ہی کچھ سیکھ لیتے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ مئی میں جویریہ سعود نے انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا تھا کہ ان کے بچوں کو مشروب کمپنی کے اشتہار کی پیش کش ہوئی تھی لیکن ان کے بچوں نے فلسطینیوں کی حمایت میں اشتہار میں کام کرنے سے انکار کردیا۔

اب انہوں نے وضاحت کی ہے کہ اگرچہ ان کے بچوں نے اشتہار میں کام کرنے سے انکار کیا تھا لیکن انہوں نے اور ان کے شوہر نے اشتہار میں کام کیا تھا۔

entertainment

lifestyle

showbiz celebrities