متنازع ٹویٹ پر بانی پی ٹی آئی پر مقدمہ بنایا جاسکتا ہے، رانا ثناء اللہ
پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ متنازع ٹویٹ پر بانی پی ٹی آئی عمران خان پر مقدمہ بنایا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں عمران خان کی ٹویٹ میں شیخ مجیب اور سابق آرمی چیف جنرل یحیٰ خان کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا تھا کہ ’ہر پاکستانی کو حمود الرحمان کمیشن رپورٹ کا مطالعہ کرنا اور یہ جاننا چاہیے کہ اصل غدار تھا کون؛ جنرل یحیٰ خان یا شیخ مجیب الرحمٰن‘- بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان’
اسی حوالے سے رانا ثناء اللہ نے بدھ کو نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متنازع ٹویٹ پر بانی پی ٹی آئی عمران خان پر مقدمہ بنایا جاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ متنازع ٹویٹ کے بعد ایف آئی اے کے سائبر ونگ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے آفیشل ’ایکس‘ اکاؤنٹ سے ’ریاست مخالف بیانیے‘ کی تشہیر کے معاملے کی انکوائری کا فیصلہ کیا۔ اس حوالے سے جب ایف آئی اے کی ٹیم نے گزشتہ دنوں اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی سے رابطہ کیا تو انہوں نے ٹیم سے ملنے سے انکار کیا اور جواب دیا کہ وہ صرف وکلا کی موجودگی میں اپنا مؤقف پیش کریں گے۔
اس کے ساتھ ایف آئی اے نے تین پی ٹی آئی رہنماؤں عمر ایوب، بیرسٹر گوہر خان اور رؤف حسن کو بھی شامل تفتیش کیا اور بدھ کو معاملے پر ایف آئی اے کی انکوائری میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان اور سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن نے پیش ہوکر اپنا بیان ریکارڈ کرایا، جس میں بڑے انکشافات سامنے آئے،جب کہ عمر ایوب انکوائری کیلئے پیش نہ ہوئے اور اپنا وکیل بھیجا۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے بدھ کو ہی میڈیا سے گفتگو میں وفاق کو پھر دھمکی دی، اور گورنر خیبرپختونخوا کو سرعام گالیاں دیں۔ رانا ثناء اللہ نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں اس حوالے سے کہا کہ علی امین گنڈا پور بانی پی ٹی آئی عمران خان کو خوش کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ تصادم کا راستہ ہوا تو جس سے جو ہوسکتا ہے وہ ہوگا، وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور اگر گورنر کو پھینک سکتے ہیں تو انھیں بھی پھینکا جاسکتا ہے۔
Comments are closed on this story.