Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیراعظم کا دورہ چین: پاکستان بدعنوانی پر قابو پانے کیلئے مؤثر اقدامات کررہا ہے، شہباز شریف

اگر ہم ماضی میں رہیں گے تو آگے نہیں بڑھ سکیں گے، وزیراعظم شہباز شریف
اپ ڈیٹ 05 جون 2024 10:55pm

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہمیں ماضی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے آگے بڑھنا چاہیئے، اگر ہم ماضی میں رہیں گے تو آگے نہیں بڑھ سکیں گے، آج پاکستانی معیشت کا چین کے ساتھ کوئی مقابلہ نہیں، پاکستان بدعنوانی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کررہا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف 5 روزہ دورے پر چین میں ہیں، جہاں شینزن میں پاک چائنہ بزنس فورم کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کا دورہ کرنا بہت اہمیت کا حامل ہے، چین کو شاندار بزنس کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد دیتا ہوں، کانفرنس کے انعقاد میں سفیر کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں ماضی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے آگے بڑھنا چاہیئے، چین کے شہر شینزن نے مختصر مدت میں ترقی کی، اگر ہم ماضی میں رہیں گے تو آگے نہیں بڑھ سکیں گے، چین ہمارا سب سے قریبی اور بہترین دوست ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چینی شہر شینزن کی ترقی ہمارے لیے مشعل راہ ہے، آج پاکستانی معیشت کا چین کے ساتھ کوئی مقابلہ نہیں، پاکستان بدعنوانی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کررہا ہے، پاکستان میں کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے لیے بزنس کونسل قائم کی۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی پاکستان میں بڑا مسئلہ ہے، مہنگائی کی شرح میں واضح کمی آئی ہے، پاکستان کے تمام معاشی اشاریے مثبت سمت کی جانب گامزن ہیں،

محمد اورنگزیب نے کہا کہ رواں سال کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ایک ارب ڈالر سے کم رہے گا، مہنگائی کی شرح 38 سے کم ہوکر 11 فیصد تک آگئی ہے، اشیائے خور و نوش کی قیمتیں تیزی سے کم ہو رہی ہے، شرح سود کے معاملے پر ہمیں رواں سال دیکھنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کرنسی چند ماہ میں مستحکم ہوئی ہے، حکومت کی اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے پر توجہ مرکوز ہے، پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ، سرمایہ کاروں کا اعتماد ہے، شرح سود کے معاملے پر رواں سال دیکھنا ہوگا۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان میں آئی ٹی، معدنی وسائل سمیت مختلف شعبوں میں بے پناہ مواقع ہیں، ایس آئی ایف سی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے اقدامات کر رہی ہے، پاکستان میں 84اداروں کی نجکاری زیرغورہے۔

پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی

اس سے قبل چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے پاک چین بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شینزن اسپیڈ ترقی کی منازل طےکرنےکے حوالے سے ایک مثال ہے، بزنس فورم مختلف شعبوں میں تعاون، شراکت داری کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔

پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنارہے ہیں، وزیراعظم

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں و کاروباری شخصیات کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے، پاکستان کے پاس ہر قسم کے وسائل ہیں، ہماری سب سے بڑی طاقت ہماری نوجوان افرادی قوت ہے۔

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے چینی کمپنی ٹرانشئن ہولڈنگز کے بانی و چیئرمین ژو ژاؤ جیانگ نے شینزن میں ملاقات کی۔

چین کے شہر شینزن میں ہونے والی اس ملاقات میں ٹرانشئن ہولڈنگز کے چیئرمین نے وزیرِ اعظم کو کمپنی کے پاکستان میں موجودہ آپریشنز، عالمی سطح پر اس کی برآمدات اور پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کے منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔

پاکستان چین کے ساتھ آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، جدید زراعت میں اشتراک کا خواہاں ہے، وزیراعظم

چیئرمین ٹرانشیئن ہولڈنگز نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ کمپنی کا پاکستان میں موبائل فونز کی تیاری کے حوالے سے پہلے سے ایک یونٹ قائم ہے جس میں 5 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو روزگار فراہم کیا گیا ہے، کمپنی پاکستان میں موبائل فونز کے حوالے سے اپنی سرمایہ کاری میں وسعت میں گہری دلچسپی رکھتی ہے جس سے موبائل فونز کی تیاری کے بعد پاکستان سے انکی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔

چینی کمپنی نے پاکستان میں الیکٹرک بائیکس اور جدید زراعت میں سرمایہ کاری میں بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے وفاقی وزراء اور پاکستان کے چین میں سفیر کو ٹرانشئن ہولڈنگز کے ساتھ مل کر جلد ایک لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی۔

وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں و کاروباری شخصیات کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔

شہباز شریف نے ٹرانشئن ہولڈنگز کو پاکستان میں مقامی سطح پر اشیاء تیار کرکے انہیں پاکستان سے بیرونِ ملک برآمدات کرنے کی دعوت بھی دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس ہر قسم کے وسائل ہیں، ہماری سب سے بڑی طاقت ہماری نوجوان افرادی قوت ہے۔

پاکستان اور چین دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہیں، وزیراعظم

ملاقات میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خواجہ محمد آصف، احسن اقبال، محمد اورنگزیب، عبدالعلیم خان، جام کمال، عطاء اللہ تارڑ اور وزیرِ مملکت شزہ فاطمہ خواجہ نے بھی شرکت کی۔

china

Shehbaz Sharif

foreign investment

PM Shehbaz Sharif

China Visit