Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پوری کوشش ہوگی جلد پاکستان کا دورہ کروں، پوپ فرانسس

پوپ فرانسس نے سانحہ جڑانوالہ کے بعد گرجا گھروں کی فوری تعمیر و مرمت کے کام کو سراہا
اپ ڈیٹ 04 جون 2024 08:10pm

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ویٹی کن سٹی میں رومن کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس سے ملاقات کی ہے جس میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

محسن نقوی نے ویٹی کن سٹی کا دورہ کیا جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ محسن نقوی کی پوپ فرانسس سے ملاقات میں امن اور بھائی چارے کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پوپ فرانسس نے سانحہ جڑانوالہ کے بعد گرجا گھروں کی فوری تعمیر و مرمت کے کام کو سراہا۔

پوپ فرانسس نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے دورہ پاکستان کی دعوت دی گئی ہے، پوری کوشش کروں گا کہ پاکستان کا دورہ کروں۔

پاکستان کے عوام کے لئے اپنے پیغام میں پوپ فرانسس نے امن کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو مل کر امن کیلئے کام کرنا چاہیے۔

عیسائیوں کے مذہبی پیشوا نے فلسطین کی صورتحال باعث تشویش قرار دیتے ہوئے کہا کہ روزانہ رات 7 بجے فلسطین میں فلاحی کاموں میں مصروف ورکرز سے اپ ڈیٹ لیتا ہوں۔

انھوں نے کہا کہ فلسطین کے مسئلے کا حل بین المذاہب ڈائیلاگ اور ہم آہنگی میں ہے۔

اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے پوپ فرانسس کی خدمات لائق تحسین ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، ہمارا آئین بھی اقلیتوں کو تحفظ دیتا ہے۔

Europe

Pope Francis

mohsin naqvi