Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

بھارت میں بی جے پی کا 10 سالہ اکثریتی اقتدار ختم، مارکیٹ کریش، روپیہ گر گیا

کانگریس کو 295 سیٹیں جیتنے کی امید، بی جے پی '400 پار' کی دعویدار
اپ ڈیٹ 04 جون 2024 11:26pm
بھارتی الیکشن کے نتائج میں مودی کی دو تہائی اکثریت کی امیدیں خاک میں ملا دی ہیں۔ تصویر روئیٹرز
بھارتی الیکشن کے نتائج میں مودی کی دو تہائی اکثریت کی امیدیں خاک میں ملا دی ہیں۔ تصویر روئیٹرز

بھارت میں مرحلہ وار ووٹنگ کے بعد لوک سبھا انتخابات 2024 کے ووٹوں کی گنتی سخت نگرانی میں جاری ہے۔ بھارتی لوک سبھا کی 543 نشستوں کے غیرحتمی نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں۔ ابتدائی نتائج کے مطابق بی جے پی کی زیرقیادت قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) 291 اور کانگریس کی قیادت میں اپوزیشن اتحاد ’انڈیا بلاک‘ 234 نشستوں پر آگے ہے، جبکہ دیگر جماعتوں نے 18 نشستیں حاصل کی ہیں،بی جے پی کا دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کا خواب چکنا چور ہوچکا ہے۔

منگل کی صبح گنتی شروع ہوئی تو وزیراعظم نریندرا مودی پر ان کے مخالف کانگریسی امیدوار کو سبقت حاصل ہوگئی۔ اس خبر نے بھارتی اسٹاک مارکیٹیں گرا دیں۔ بمبئی اسٹاک مارکیٹ کا بینچ مارک سینسیکس انڈیکس 5 ہزار پوائنٹ نیچے چلا گیا۔ سرمایہ کاروں کے 26 لاکھ کروڑ روپے ڈوب گئے۔

بھارتی کرنسی بھی شدید دباؤ کا شکار ہوگئی۔ امریکی ڈالر کی قیمت بڑھ کر 83.52روپے ہوگئی۔

مودی وارانسی سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ خلاف توقع مودی کی پارٹی یو پی میں مشکلات کا شکار ہوگئی ہے۔ اگرچہ مودی چند گھنٹے بعد دوبارہ گنتی میں اوپر آگئے لیکن انتخابی نتائج نے سنسنی پھیلا دی۔

بھارتی لوک سبھا میں حکومت بنانے کےلیے کسی بھی جماعت کو 272 سیٹیں درکار ہیں۔ لیکن مودی نے ’400 پار‘ کا نعرہ لگا کر کہا تھا کہ وہ دو تہائی اکثریت والی حکومت بنائیں گے تاکہ آئین میں ترمیم کر سکیں۔

کانگریس اگر 180 نشستیں بھی لے لیتی تو مودی کی دو تہائی اکثریت ختم ہوجاتی، لیکن کانگریس کو 295 نشستیں جیتنے کی امید تھی اور صرف 234 ہی جیت پائی۔ کانگریس کے رہنما حکومت بنانے کا دعوی کر رہے ہیں۔

بھارت کی اہم ریاست اتر پردیش یعنی یوپی میں کانگریس اور اس کی اتحادی سماج وادی پارٹی نے 40 سیٹیں جیت لی ہیں۔ یو پی سے لوک سبھا کی 80 نشستیں ہیں اور نصف کانگریس کی زیرقیادت اتحاد لے اڑا ہے۔

اسی طرح ریاست مہاراشٹرا میں بھی کانگریسی اتحاد طویل عرصے بعد بی جے پی سے زیادہ نشستیں لینے میں کامیاب ہو رہ اہے۔

 بھارت میں الیکشن کمیشن کا عملہ ووٹ گننے میں مصروف ہے۔ تصویر روئیٹرز
بھارت میں الیکشن کمیشن کا عملہ ووٹ گننے میں مصروف ہے۔ تصویر روئیٹرز

راجستھان میں کانگریس کی زیر قیادت اتحاد نے 10 نشستیں بی جے پی سے چھین لی ہیں۔

مغربی بنگال میں بی جے پی 8 نشستیں کھو بیٹھی ہے۔

انتخابی نتائج آج سہہ پہر تک واضح ہونے کی امید ہے۔ بھارت میں 7 مراحل میں لوک سبھا کے الیکشن کیلئے ووٹنگ ہوئی اور ہر مرحلے کے بعد کانگریس کی جیت کے امکانات بڑھتے گئے۔

جیل سے انتخابات لڑنے والےسکھ رہنما

بھارت میں جیل سے انتخابات لڑنے والےسکھ رہنما امرت پال سنگھ شمالی ریاست پنجاب میں کھڈور صاحب کی نشست پر آگے ہیں۔

امرت پال سنگھ آزاد امیدوار کے طور پر میدان میں ہیں۔ انہیں اپریل 2023 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال بھی الیکشن تک ملنےوالی بیل ختم ہونے پر واپس جیل میں گرفتاری دے دی۔

بھارتی کی اہم ریاستوں میں انتخابی دنگل

اتر پردیش میں ’انڈیا بلاک‘ 44 نشستیں لے کر آگے ہے جبکہ این ڈی اے 35 نشستیں حاصل کرسکی ہے۔

مہاراشٹر میں ’انڈیا بلاک‘ 28 نشستیں لے کر آگے جبکہ این ڈی اے 19 نشستیں لینے میں کامیاب ہوئی ہے۔

مغربی بنگال میں ’ایڈیا بلاک‘ 13 نشستیں لے چکی ہے جبکہ این ڈی اے 15 نشستیں حاصل کرسکی ہے۔

بہار میں این ڈی اے 32 نشستیں لے کر آگے ہے جبکہ انڈیا بلاک محض 8 نشستیں حاصل کرسکی۔

تمل ناڈو میں انڈیا بلاک 38 نشستیں لے کر آگے ہے جبکہ این ڈی اے ایک ہی نشست حاصل کرسکی ہے۔

کب کب کتنی سیٹوں پر ووٹ ڈالے گئے؟

19 اپریل کو پہلے مرحلے میں 21 ریاستوں میں 102 سیٹوں کے لیے ووٹ ڈالے گئے۔

26 اپریل کو دوسرے مرحلے میں 13 ریاستوں میں 88 نشستوں پر ووٹ ڈالے گئے۔

7 مئی کو تیسرے مرحلے میں 12 ریاستوں میں 94 نشستوں پر ووٹ ڈالے گئے۔

13 مئی کو چوتھے مرحلے میں 10 ریاستوں میں 96 سیٹوں کے لیے ووٹ ڈالے گئے۔

20 مئی کو پانچویں مرحلے میں 8 ریاستوں میں 49 سیٹوں کے لیے ووٹ ڈالے گئے۔

25 مئی کو چھٹے مرحلے میں 7 ریاستوں میں 58 سیٹوں کے لیے ووٹ ڈالے گئے۔

یکم جو ساتویں مرحلے میں 8 ریاستوں میں 57 سیٹوں کے لیے ووٹ ڈالے گئے۔


خبر میں مزید تفصیلات شامل کی جارہی ہیں

Indian Muslims

Indian election