Aaj News

اتوار, ستمبر 08, 2024  
03 Rabi ul Awal 1446  

مہنگائی کی شرح عمران خان دور سے نیچے آگئی

مئی میں شہروں میں مہنگائی کی شرح 2.80 فیصد اور دیہاتوں میں 3.89 فیصد کم ہوئی، محکمہ ادارہ شماریات
شائع 03 جون 2024 02:34pm

مہنگائی کی شرح میں مسلسل کمی آنے لگی، مئی میں ماہانہ بنیادوں پر مہنگائی میں 3.24 فیصد کمی سے شرح 11.76 فیصد پرآ گئی جبکہ مہنگائی کی اوسط شرح 24.52 فیصد رہی۔

واضح رہے کہ اپریل 2022 میں جب عمران خان کو ہٹایا گیا تو مہنگائی کی شرح 13.4 فیصد تھی جب کہ اس سے قبل فروری سے مہنگائی کی شرح 12 فیصد سے اوپر ہو چکی تھی۔ عمران خان کے بعد مئی 2022 میں مہنگائی کی شرح بڑھ کر 13.8 فیصد ہوئی اور پھر جون میں یہ 21.3 فیصد اور جولائی میں 24.9 فیصد پر پہنچ گئی۔ اس کے بعد مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہی ہوتا رہا اور مئی 2023 میں یہ 38 فیصد پر جا پہنچی۔

اکتوبر 2023 سے مہنگائی میں معمولی کمی ہوئی جب کہ فروری میں عام انتخابات کے بعد مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی آنا شروع ہوئی۔ دوسری جانب عالمی اداروں نے پاکستان میں مہنگائی کی شرح رواں برس کے آخر تک 12 فیصد سے نیچے جانے کی پیش گوئی کی تھی لیکن یہ توقع پہلے ہی پوری ہوگئی ہے۔

اب محکمہ ادارہ شماریات نے تازہ اعداد و شمار جاری کیے ہیں جس کے مطابق مئی میں شہروں میں مہنگائی کی شرح 2.80 فیصد اور دیہاتوں میں 3.89 فیصد کم ہوئی۔ مئی 2024 میں مہنگائی 11.76 فیصد پرآ گئی تاہم جولائی سے مئی تک مہنگائی کی اوسط شرح 24.52 فیصد رہی۔

ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ مئی میں ٹماٹر، پیاز 51 فیصد، چکن 35.2 اور گندم 22.7 فیصد سستا ہوا، مائع ایندھن 9.4 ، بجلی چارجز 4.5 اور موٹر فیول کی قیمت 3.18 فیصد کم ہوئی، گندم کا آٹا 20.12 فیصد، پھل اورسبزیاں 8 فیصد تک سستی ہوئیں۔

اعداد و شمار کے مطابق مئی میں آلو 14.73، گوشت 4 اور لوبیا 3.9 فیصد اور گھی کے نرخ میں 1.27 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ اس دوران ٹرانسپورٹ اورطبی سہولتوں میں 3،3، انڈوں کی قیمت میں 2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ کےمطابق ایک سال کےدوران مشروبات 24فیصد اور خشک میوے 23 فیصد مہنگےہوئے۔ گزشتہ سال کی نسبت دال ماش 22 فیصد جبکہ چینی 19 فیصد مہنگی ہوئی۔ خشک دودھ22،مٹھائی 16،دال مسور 15 فیصد مہنگی ہوئی جبکہ بیکری آٹئمز 11،گیس 318،بجلی 59 اور ٹرانسپورٹ 32 فیصد مہنگی ہوئیں۔

Inflation

Pakistan Inflation

INFLATION UNCONTROLLABLE