Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بھارتی گلوکار بادشاہ نے ہنی سنگھ سے جھگڑا ختم کیوں کیا؟

میں اعلان کرتا ہوں کہ اب کوئی جھگڑا باقی نہیں رہے گا، بادشاہ
شائع 01 جون 2024 04:01pm

بھارت کے معروف ریپر بادشاہ نے لائیو کنسرٹ کے دوران اہم اعلان کر دیا۔

انڈین میڈیا رپورٹ کے مطابق ریپر و گلوکار بادشاہ نے بھارتی ریاست اُتراکھنڈ کے دارالحکومت دہرادون میں ایک کنسرٹ کے دوران وہاں آئے حاضرین کے سامنے اپنے پرانے ساتھی ہنی سنگھ کے ساتھ 15 سالہ طویل جھگڑا ختم کرنے کا اعلان کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بادشاہ نے تھوڑی دیر کے لیے کنسرٹ میں اپنی براہ راست گلوکاری سے بریک لیا اور کہا میں تمام غلط فہمیاں بھلا کر آگے بڑھنے کے لیے تیار ہوں، میرے دل میں ہنی سنگھ کے خلاف ایک بڑی غلط فہمی کی وجہ سے جو رنجش تھی اسے میں ختم کرتا ہوں۔

مشہور ریپر کا مزید کہنا تھا کہ میں اپنی غلط فہمی پر خوش نہیں ہوں مگر میں اعلان کرتا ہوں کہ اب کوئی جھگڑا باقی نہیں رہے گا، میری دُعائیں اور نیک تمنائیں ہنی سنگھ پاجی کے ساتھ ہیں۔

خیال رہے ہنی سنگھ اور بادشاہ نے سال 2006 میں ایک ساتھ اپنے بینڈ کا آغاز کیا تھا جس کے بعد ان دونوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا تھا جو کئی سال تک جاری رہا۔

Honey singh

Badshah

End Feud