Aaj News

اتوار, جنوری 12, 2025  
12 Rajab 1446  

پی ٹی آئی نے ’خان نہیں تو پاکستان نہیں‘ مہم شروع کردی، کس سے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں، وفاقی وزیر

مشکلات کے باجود ترقی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں، وزیر پیٹرولیم
شائع 01 جون 2024 03:52pm

وزیر پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر عوام کو ریلیف کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غریب آدمی کی زندگی میں سب سے اہم یہ ہے کہ اس پر سے مہنگائی کا بوجھ کم ہو، غریب آدمی مہنگائی کے بوجھ تلے دبتا جا رہا ہے، اسی تناظر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔

مصدق ملک نے کہا کہ ہمارے راستے میں بہت سی مشکلات اور کٹھن مراحل آئے، ہمیں سیلاب اور زلزلوں کا بھی سامنا کرنا پڑا، لیکن ہم مشکلات کے باجود ترقی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں مسلسل کمی آرہی ہے، فوڈ انفلیشن 40 فیصد سے کم ہو کر 11 فیصد تک آگئی ہے، ساری باتیں اشارہ دے رہی ہیں کہ ہم معاشی استحکام کی طرح بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ تجارتی خسارہ 4 ارب ڈالر سے کم ہو کر 20 کروڑ ڈالر رہ گیا ہے، تجارتی خسارے میں 95 فیصد کمی کی وجہ سے ڈالر کی قدرمیں استحکام آیا ہے، مہنگائی کی شرح 37 فیصد سے کم ہوکر 17 فیصد پر آگئی ہے۔

مصدق ملک پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے ’خان نہیں تو پاکستان نہیں‘ مہم شروع کردی، ہے، کس سے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں، ہم کہتے ہیں بات کریں، وہ کہتے ہیں تم سے بات نہیں کریں گے، ہم سے بات نہیں کریں گے تو کیا دیواروں سے بات کریں گے؟ آپ اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنا چاہتے ہیں یا امریکا سے کرنا چاہتے ہیں؟ ہم تو ہر سیاسی جماعت سے بات کرنا چاہتے ہیں۔

مصدق ملک نے کہا کہ یہ امریکا پر الزام لگاتے ہیں، پھر امریکا میں لابنگ فرم حاصل کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم کسی کو غدار نہیں کہہ رہے، پی ٹی آئی نے سیاست کو بدنام کردیا ہے۔

مصدق ملک نے کہا کہ رؤف حسن پر حملہ کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچانا چاہئے۔

Musaddiq Malik