Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات کی پولنگ ختم، ایگزٹ پول پر بی جے پی کو برتری حاصل

مغربی بنگال میں متعدد مقامات پر ہنگامہ آرائی، ایک الیکٹرانک ووٹنگ مشین تالاب میں پھینک دی گئی
اپ ڈیٹ 01 جون 2024 10:13pm

بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات کی پولنگ ختم ہوگئی ہے۔ مغربی بنگال میں اس موقع پر غیر معمولی ہنگامہ آرائی اور کشیدگی دیکھی گئی۔ کئی مقامات پر سیاسی جماعتوں کے حامی ووٹرز کا تصادم ہوا۔ ایک پولنگ اسٹیشن سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین اٹھاکر تالاب میں پھینک دی گئی تاہم ایگزٹ پول میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو برتری حاصل ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

بھارت میں لوک سبھا (ایوان زیریں) کے ساتویں اورآخری مرحلے کیلئے 8 ریاستوں کی 57 نشستوں پر ووٹنگ کے بعد انتخابات کا مرحلہ ختم ہوگیا۔

ری پبلک بھارت میٹرکس کی جانب سے ایگزٹ پول کے حوالے سے بتایا گیا کہ بی جے پی اور دیگر جماعتوں کے اتحاد پر مشتمل نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کو 543 میں سے 353 سے 368 نشستیں ملنے کا امکان ہے جبکہ کانگریس پر مشتمل اتحاد ’انڈیا‘ کو 118 سے 133 نشستیں مل سکتی ہیں اور دیگر کو 43 سے 48 سیٹیں ملنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب مغربی بنگال میں پولنگ کے دوران ہنگامہ آرائی پر قابو پانے کے لیے پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی۔ بعض مقامات پر شر پسندوں کو مار بھگانے کے لیے پولیس نے ان کا تعاقب بھی کیا۔ اس حوالے سے ویڈیوز بھی وائرل ہوئی ہیں۔ ہفتے کو بھارت کے بلند ترین مقام تاشی گانگ (ہماچل پردیش) میں بھی پولنگ ہوئی۔ یہاں بھارت کا بلند ترین پولنگ اسٹیشن ہے جو سطحِ سمندر سے 15256 فٹ بلند ہے۔ یہاں اب بھی شدید سردی ہے۔

بھارتی پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں لوک سبھا کے انتخابات کے لیے پولنگ 19 اپریل کو شروع ہوئی تھی۔ اس دن 21 ریاستوں میں لوک سبھا کی 101 نشستوں کے لیے ووٹ کاسٹ کیے گئے۔

دوسرے مرحلے کی پولنگ 26 اپریل کو ہوئی جب 13 ریاستوں میں لوک سبھا کی 88 نشستوں کے لیے ووٹ کاسٹ کیے گئے۔

تیسرے مرحلے کی پولنگ 7 مئی کو ہوئی۔ 11 ریاستوں میں لوک سبھا کی 94 نشستوں کے لیے ووٹ کاسٹ کیے گئے۔

چوتھے مرحلے کی پولنگ 13 مئی کو ہوئی جب 10 ریاستوں میں لوک سبھا کی 96 نشستوں کے لیے پولنگ کی گئی۔

پانچویں مرحلے کی پولنگ 20 مئی کو ہوئی جب 8 ریاستوں میں لوک سبھا کی 49 نشستوں کے لیے ووٹ کاسٹ کیے گئے۔

چھٹے مرحلے کی پولنگ 25 مئی کو ہوئی جب 8 ریاستوں میں لوک سبھا کی 58 نشستوں کے لیے پولنگ ہوئی۔

ساتویں اور آخری مرحلے میں 8 ریاستوں میں لوکھ سبھا کی 57 نشستوں کے لیے ووٹ ڈالے گئے۔ لوک سبھا کی تمام 543 نشستوں کے لیے کاسٹ کیے گئے ووٹوں کی گنتی 4 جون کی صبح شروع ہوگی اور اُسی دن دن حتمی نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

west bengal

LOK SABHA ELECTION

POLLING CONCLUDED

RESULTS ON JUNE 4