Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

’ورلڈ کپ سر پر ہے، کھلاڑیوں کو ذمے داری لینی ہوگی‘

ورلڈ کپ شروع ہونے سے قبل ہی سابق کھلاڑی نے بابر اعظم کو اہم مشورہ بھی دے دیا
شائع 31 مئ 2024 09:28pm

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ہمیں انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بہتر کھیل پیش کرنا چاہیے تھا، ہم مڈل اوورز میں جدوجہد کررہے ہیں اور ہم بطور ٹیم کبھی باؤلنگ تو کبھی بیٹنگ میں ناکام ہو رہے ہیں لیکن اب کھلاڑیوں کو ذمے داری لینی ہوگی کیونکہ ورلڈ کپ سر پر ہے۔

انگلینڈ سے آخری ٹی20 میچ میں شکست کے بعد اوول میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہمیں اس سیریز میں اچھی کرکٹ کھیلنی چاہیے تھی، ہم بطور ٹیم کبھی باؤلنگ تو کبھی بیٹنگ میں ناکام ہو رہے ہیں، ہمیں اس چیز کا جلد از جلد حل نکالنا ہو گا کیونکہ ورلڈ کپ سر پر ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ جہاں تک جدید دور کی کرکٹ کی بات ہے تو ہم نے ابتدائی چھ اوورز میں اسی طرح کا کھیل پیش کیا جیسا بقیہ ٹیمیں کررہی ہیں، مڈل اوورز میں ہم جدوجہد کررہے ہیں اور ہمیں اس سلسلے میں کافی عرصے مشکلات کا سامنا ہے لیکن اب کھلاڑیوں کو اپنی ذمے داری سمجھنا ہو گی۔

ایک سوال کے جواب میں بابر اعظم نے مزید کہا کہ کوچ اور کپتان سمیت سلیکشن کمیٹی کے سات اراکین ہیں اور سب لوگ متفق ہوتے ہیں تو ہی ٹیم منتخب ہوتی ہے، ہم نے کسی بھی کھلاڑی سے رعایت نہیں برتی اور سب میرٹ پر منتخب ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب کوئی کھلاڑی پرفارم نہیں کر پاتا تو ہمیں لگتا ہے کہ اس کی سلیکشن غلط ہوئی ہے، یہ کام آپ لوگ ہی کرتے ہیں اور انہیں بڑھا چڑھا کر لاتے ہیں، جب وہی کھلاڑی اچھی پرفارمنس دیتا ہے تو آپ کہتے ہیں کہ اس کو ٹیم میں شامل کیوں نہیں کرتے، ٹیم میں شامل کرتے ہیں تو کہتے ہیں کہ کھلا کیوں رہے ہیں یا اس کی سلیکشن غلط ہوئی ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ جو بھی کھلاڑی منتخب ہوئے ہیں ہمیں انہیں سپورٹ کرنا پڑے گا، ہمیں معلوم ہے کہ اعظم کس طرح کا کھلاڑی ہے، فخر اور رضوان کس طرح کے کھلاڑی ہیں، جتنے بھی 15 کھلاڑی منتخب ہوئے ہیں انہوں نے پرفارمنس دی ہیں۔

باعظم نے مزید کہا کہ ہم انگلینڈ کے خلاف میچ میں صورتحال کا صحیح سے اندازہ نہیں لگا سکے، یکے بعد دیگرے وکٹیں گنوا دیں، پھر اگر عثمان اور افتخار کی شراکت تھوڑی لمبی ہو جاتی تو ایک مختلف گیم ہو سکتا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس گراؤنڈ پر پار اسکور 190 تھا جو ہمیں کرنا چاہیے تھا، ہم ایسا نہیں کر سکے تو یہ ہماری غلطی ہے اور ہمیں اس غلطی کو تسلیم کرنا چاہیے، میں شکست کی ذمے داری قبول کرتا ہوں۔

بابر اعظم نے کہا کہ باؤلنگ میں غلطی کا مارجن کم ہوتا ہے، ہم نے اٹیک کیا کیونکہ ہمیں وکٹیں چاہیے تھیں لیکن وہ وکٹیں نہ مل سکیں۔

ٹی 20 ورلڈکپ سے قبل شعیب ملک کا بابر کو اہم مشورہ

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے انگلینڈ کے ہاتھوں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست کے بعد کپتان بابر اعظم کو ورلڈکپ کے لیے اہم مشورہ دیا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میں شکست کے بعد اب ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کیلئے امریکا روانہ ہوگئی ہے۔

سابق کپتان شعیب ملک نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے بابر اعظم کو مشورہ دیا کہ وہ ورلڈکپ میں اوپننگ کرنے کے بجائے تیسرے نمبر پر بیٹنگ کریں۔

شعیب ملک نے لکھا کہ میرے خیال میں بابر اعظم کو تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنی چاہیے کیوں کہ ہمیں مڈل آرڈر میں ایسا بیٹر چاہیے جو اسٹرائیک تبدیل کرسکے اور بابر آپ ہمارے لیے بہترین آپشن ہیں۔

اس کے علاوہ شعیب ملک نے شاداب خان اور اعظم خان کے حوالے سے کہا کہ آپ دونوں ہماری ٹیم کے لیے اہم ہیں، اپنے اعتماد کو مت کھوئیں، دل سے کھیلیں ، آپ میچ ونرز ہیں ورلڈکپ میں بلند حوصلے کرکے جائیں۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا انعقاد امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہورہا ہے، ایونٹ 2 جون سے شروع ہوگا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم برطانیہ کا دورہ مکمل کرکے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے امریکا کے لیے روانہ ہوگئی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ کے گروپ اے میں اپنا پہلا میچ امریکا کے خلاف کھیلے گی جبکہ ایونٹ میں پاک بھارت ٹاکرا 9جون کو شیڈول ہے۔

babar azam

Pakistan Cricket Team

t20 series

Baber Azam

ICC T20 World Cup

t20 world cup 2024