آئین اور قانون کی حکمرانی قائم نہ ہوئی تو ملک نہیں چل سکے گا، اپوزیشن لیڈر
نیشنل پارٹی کے صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو اپوزیشن اتحاد، تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شمولیت کی دعوت دیدی گئی۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کا کہنا ہے کہ ملک میں آئین اور قانون کی حکمرانی قائم نہ ہوئی تو یہ ملک نہیں چل سکے گا۔ سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ جس طرح سے ملک کو چلانے کی کوشش کی جارہی ہے ایسے نہیں چل سکتا۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت نے نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ جس میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان، اسد قیصر کے علاوہ نیشنل پارٹی کے سینیٹر جان محمد بلیدی، ساجد ترین اور پھیلن بلوچ شریک تھے۔
ملاقات میں بلوچستان سمیت ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اسد قیصر نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کا پیغام نیشنل پارٹی کی قیادت کو پہنچایا، اور کہا کہ ہمارا ایک نکاتی ایجنڈہ ہے ہم ملک میں آئین کی حکمرانی چاہتے ہیں، قانون کی حکمرانی کے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے۔ جس طرح سے ملک کو چلانے کی کوشش کی جارہی ہے ایسے نہیں چل سکتا۔
اس موقع پر ڈاکٹر مالک بلوچ کا کہنا تھا کہ بلوچستان اس وقت شدید سیاسی مسائل کا شکار ہے عوام کے مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کیا گیا، بلوچستان کا مسئلہ سیاسی ہے اور اس کا سیاسی حل نکالنے کی ضرورت ہے۔
انھوں نے کہا کہ اتحاد میں شمولیت کے حوالے سے پارٹی کی مرکزی کمیٹی میں بات رکھی جائے گئی اور جو فیصلہ ہوگا اس سے اتحاد کی قیادت کو آگاہ کیا جائے گا۔
Comments are closed on this story.