Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

بجلی کا یونٹ 100 روپے اور ڈالر 350 پر جانے والا ہے، عمر ایوب کی پیش گوئی

ابھی چاول کا بحران آںے والا ہے، عمر ایوب
شائع 30 مئ 2024 08:57pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جنرل سیکریٹری اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب کا کہنا ہے کہ حالات تیزی سے ابتری کی طرف جارہے ہیں، چند ماہ میں ڈالر 350 پر جائے گا، بجلی کا یونٹ بھی 100 روپے کا ہوگا۔

آج نیوز کے پروگرام ”روبرو“ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ سرمایہ کار ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی دیکھتے ہیں، وہ دیکھتے ہیں کہ تنازعے کی صورت میں وہ کونسی عدالت میں جائیں گے، ’پاکستان کی عدالتوں کا وہ دیکھتے ہیں تو پھر وہ کہتے ہیں کہ جی یہاں پہ تو عدالتوں میں انٹیلی جنس ایجنسیز کا دباؤ بہت زیادہ ہے اور وہ پروف لاتے ہیں کہ جی آپ کے جج صاحبان کی طرف سے یہ لیٹرز ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کا پاکستان کے عدالتی نظام کے اوپر بھروسہ ہے ہی نہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم ہر سرمایہ کار کو پاکستان میں خوش آمدید کہیں گے۔

عمر ایوب نے کہا کہ ہم مذاکرات کی بات کرتے ہیں لیکن یہ بھی چاہتے ہیں کہ ہمیں ہمارا حق جو عوامی مینڈیٹ سے ملا ہمیں واپس دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ دو سالوں سے پوری دنیا کو کہہ رہا ہوں کہ ملک میں تیل اور بجلی کی قیمتیں کس سطح تک پہنچیں گی، 17 روپے بجلی کا ایک یونٹ دو سال پہلے تھا، آج 85 روپے ہے اور اس سے آگے 100 روپے تک جائے گا، ڈالر اگلے چند مہینوں میں تقریباً 350 روپے تک جائے گا۔

سندھ کے شہریوں کیلئے اچھی خبر، 100 یونٹ تک مفت بجلی دینے کا پلان تیار

عمر ایوب نے پیش گوئی کی کہ ابھی چاول کا بحران آںے والا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’حالات اور واقعات اتنی تیزی سے ابتر سے ابتر ہونے کی طرف جا رہے ہیں کہ یہ سب کے سب لوگ ایک دن چند ہفتوں یا مہینوں بعد قیدی نمبر 804 کے دروازے پر جائیں گے اور دستک دیں گے اور کہیں گے کہ آپ یا فریش الیکشن کرائیں یا آپ ملک کی باگ ڈور سنبھالیں‘۔

اپنے اوپر کیسز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمر ایوب نے طنزیہ کہا کہ مجھ پر 25 ہزار کی موٹرسائیکل، ایکسرے مشین چوری، اور قتل کے مقدمے بنائے گئے، یعنی میں نے موٹر سائیکل چوری کی اس پر ایکسرے مشین باندھی اور پورے ملک کا چکر لگا کر وارداتیں کیں۔

انہوں نے کہا کہ جس موٹر سائیکل کی چوری کا کیس مجھ پر ڈالا وہ فیصل آباد سے چوری ہوئی، یعنی میں نے 35 ہزار کا پیٹرول خرچ کرکے وہاں جاکر 25 ہزار کی موٹر سائیکل چوری کی۔

حماد اظہر کے اچانک سامنے آنے اور پولیس سے پہلے پشاور پہنچ جانے پر عمر ایوب نے کہا کہ ’میری ان سے ملاقات ہوئی تھی، میں نے انہیں 25 ہزار کا اپنا ایف 16 موٹر سائیکل انہیں دیا اور اس پر وہ غائب ہوگئے‘۔

انہوں نے طنزیہ کہا کہ ’وہ بڑا زبردست بڑا تیز موٹر سائیکل ہے‘۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جمیعت علما اسلام اور پی ٹی آئی کے درمیان پچھلے 8، 10 سال میں تلخیاں رہی ہیں، لیکن جب مولانا فضل الرحمان ملتے ہیں تو کسی قسم کے تحفظات ظاہر نہیں کرتے۔

سب سےزیادہ پُرتعیش قیدی کون ؟ طلال چوہدری نے بتا دیا

انہوں نے تحریک تحفظ آئین پاکستان اور مولانا فضل الرحمان کے اکٹھے جلسے نہ کئے جانے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ اکٹھے جلسے کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں لیکن ان کے جلسوں کا شیڈول طے ہوچکا ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں عمر ایوب نے کہا کہ اسلام آباد کے پولیس والوں کو میں ’ڈفرز ہی کہوں گا کہ یہ اتنے سیانے ہیں کہ جس وقت انہوں نے ریڈ کی تو اقوام متحدہ کے لوگ وہاں (پی ٹی آئی سیکریٹیریٹ میں ) بیٹھے ہوئے تھے اور وہ پوچھ رہے تھے الیکشن کے دوران آپ کو کیا مشکلات درپیش آئیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’سونے پر سہاگہ، ماشاء اللہ آئینسٹائن کی عقل اسلام آباد پولیس کے افسران کو نوازی گئی ہے کہ انہوں نے جا کر اقوام متحدہ کے اراکین کی گاڑیوں کی بھی تلاشی لی‘۔

umar ayub

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)