Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر خالد مگسی کی گاڑی پر فائرنگ

فائرنگ کا واقعہ نوتال کے قریب قومی شاہراہ پر پیش آیا تاہم ڈاکوؤں کی فائرنگ سے خالد مگسی محفوظ رہے
شائع 30 مئ 2024 08:52pm

بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے صدر اور رکن قومی اسمبلی ( ایم این اے) خالد مگسی کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی تاہم وہ اس حملے میں محفوظ رہے۔

پولیس کے مطابق بلوچستان کے علاقے نوتال کے قریب قومی شاہراہ پر ایم این اے خالد مگسی کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں بختیار آباد اور نوتال کے درمیان ڈاکوؤں نے مسافروں کو لوٹنے کی کوشش کی اور اسی دوران نوابزادہ خالد مگسی کی گاڑی پر بھی ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی۔

ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 گولیاں رکن قومی اسمبلی نوابزادہ خالد مگسی کی گاڑی کو لگیں تاہم ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوابزادہ خالد مگسی کی گاڑی کا سائیڈ شیشہ ٹوٹ گیا تاہم وہ محفوظ رہے۔

قاتلانہ حملے پر خالد مگسی کے محافظوں نے جوابی فائرنگ کی جس سے ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، خالد مگسی کوئٹہ سے جھل مگسی جا رہے تھےکہ یہ واقعہ پیش آیا۔

بختیار آباد اور نوتال کے درمیان جمعرات کے روز ڈاکوؤں کی فائرنگ کا ایک گھنٹے کے اندر یہ تیسرا واقعہ تھا، اس سے قبل 2 مسافر ویگنوں کو لوٹا گیا تاہم مسافروں اور ٹرانسپورٹرز نے قومی شاہراہ کو بند کردیا۔

صدر آصف زرداری

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما خالد مگسی کے قافلے پر حملے کی فوری انکوائری کی ہدایت کردی۔

صدر آصف زرداری نے بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما خالد مگسی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ان کے قافلے پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی۔

صدر زرداری نے ہدایت کی کہ خالد مگسی کے قافلے پر حملے کی فوری انکوائری کی جائے۔

صادق سنجرانی

دریں اثنا سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر خالد مگسی پر حملے کی شدید مذمت کی۔

صادق سنجرانی نے خالد مگسی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔

صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ شکر ہے خالد مگسی قاتلانہ حملے میں محفوظ رہے، خالد مگسی پر حملہ سوچی سمجھی سازش ہے، صوبائی حکومت حملے میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کرے۔

سرفراز بگٹی

وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی رکن قومی اسمبلی نوابزادہ خالد مگسی کے قافلے پر فائرنگ کے واقعے پر انتظامیہ پر برہم ہوگئے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بحالی امن کی پہلی ذمہ داری انتظامیہ پولیس اور لیویز کی ہے، دن دیہاڑے جرائم پیشہ افراد کی کارروائیاں انتظامی افسران کی نااہلی ہیں، نوابزادہ خالد مگسی کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ افسوسناک ہے۔

سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، جرائم پیشہ افراد کا فوری قلع قمع کیا جائے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے فائرنگ کے واقعے میں نوابزادہ خالد مگسی کی خیریت پر اظہار اطمینان کیا۔

یاد رہے کہ نوابزادہ خالد مگسی باپ پارٹی کے مرکزی صدر اور رکن قومی اسمبلی ہیں۔

firing

بلوچستان

quetta

BAP

Balochistan Awami Party

khalid magsi