Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی : بڑا بخاری مقابلہ، ’ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی، شہری کی گاڑی میں بھاگے‘

کار پینل چوروں سے مقابلہ، واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج "آج نیوز" نے حاصل کرلی
شائع 29 مئ 2024 02:56pm

کراچی میں گزشتہ روز درخشاں پولیس کا بڑا بخاری پر کار پینل چوروں سے مقابلہ ہوا تھا، واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج ”آج نیوز“ نے حاصل کرلی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مقابلہ کیسے شروع ہوا۔

فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تین ملزمان سلور کلر کی گاڑی میں کار پارکنگ پر پہنچے، ایک ملزم سفید کار میں داخل ہوا اور 2 کار کے اندر بیٹھے رہے۔

گشت پر مامور پولیس اہلکار سڑک سے گزرے تو ان کو شک ہوا، پولیس موبائل رکتے ہی اہلکار تیزی سے پارکنگ کی طرف دوڑے، کار سے نکلنے والا ملزم پولیس کو دیکھتے ہی اپنی گاڑی کی طرف بھاگا۔

فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ملزم جلدی سے کار میں بیٹھا تو پیچھے سے پولیس پہنچ گئی، اہلکاروں کی جانب سے ملزمان پر فائرنگ کی گئی، ملزمان کے فرار ہوتے ہی اہلکار واپس موبائل کی جانب بھاگے اور پھر ملزمان کا تعاقب کیا۔

پولیس حکام کے مطابق ’ملزمان سے خیابان شجاعت تک شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، پولیس موبائل پر ملزمان نے متعدد گولیاں چلائیں، کار میں آگے بیٹھے دونوں ملزمان زخمی ہوگئے تھے، زخمی حالت میں بھاگتے ملزمان ایک موٹرسائیکل سے ٹکرائے، ملزمان نے ایک شہری کی گاڑی چھینی اور موقع سے بھاگے‘۔

اس حوالے سے پولیس حکام نے بتایا کہ ملزمان کی کار سے دس نمبر پلیٹیں، جیمر اور دیگر سامان ملا ہے، واقعے سے متعلق مزید کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔

karachi

CCTV footage

Karachi Police