Aaj News

جمعہ, دسمبر 20, 2024  
17 Jumada Al-Akhirah 1446  

ٹریل فائیو میں محمد طحہ کا قتل یا حادثہ؟ پولیس نے گمشدگی کا مقدمہ قتل میں کیوں تبدیل کیا

تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس
شائع 28 مئ 2024 12:28pm
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

اسلام آباد میں گزشتہ روز مارگلہ ہلز کے ٹریل فائیو پر مبینہ طور پر حادثے میں جاں بحق 15 سالہ محمد طحہ کا معاملہ نیا رخ اختیار کرگیا ہے۔ پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد محمد طحہ کے گمشدگی کا مقدمہ قتل میں تبدیل کرکے متوفی کے 5 دوستوں کو شامل تفتیش کرلیا۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جس کے بعد پولیس نے گمشدگی کا مقدمہ قتل میں تبدیل کرکے محمد طحہ کے پانچ دوستوں کو شامل تفتیش کیا ہے۔

مارگلہ ہلز کے ٹریل فائیو سے ملنے والی بچے کی لاش پوسٹمارٹم کیلئے پولیس کے حوالے

خیال رہے کہ طحہ کی والدہ کی درخواست پرپہلے اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس نے نوجوان کی لاش ملنےکے بعد کیس 302 کے تحت تفتیش کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے والدین نے بتایا تھا کہ طالب علم طحہ ٹریل فائیو پر دوستوں کے ہمراہ ہائیکنگ کی غرض سے گیا تھا، تاہم پرسرار طور پر لاپتا ہو گیا تھا۔

طحہ اپنے دوستوں کے ہمراہ ٹریل 5 پر گیا تھا، تاہم دوستوں سے بچھڑ گیا، طحہ کے دوستوں کی جانب سے گھر فون کر کے پوچھا گیا تھا کہ طحہ گھر آگیا یا نہیں۔

بعدازاں تھانہ سیکرٹریٹ کے علاقے میں طحہ کی گمشدگی کے حوالے سے خبر سامنے آئی جس پر پولیس کی جانب سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔

پولیس نے ابتدائی طور پر مبینہ اغوا کا مقدمہ درج کر کے طالب علم کی تلاش شروع کی اور ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کیا گیا، جبکہ ریسپانس ٹیم، مارگلہ پیٹرول اور ڈرون کیمروں کی بھی مدد لی گئی۔ بعد ازاں، محکمہ فارسٹ اورانوائرمنٹ کے عملے کو طحہ کی لاش ملی جسے انہوں نے پولیس کے حوالے کیا۔