Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

فواد خان بھارتی سیریز میں کام کرنے کو تیار

وہ مختلف پاکستانی اور بین الاقوامی سیریز میں کام کررہے ہیں
شائع 28 مئ 2024 09:09am

فواد خان پاکستان ٹیلی ویژن اور فلم کے مشہور اداکار اور مشہور راک بینڈ ای پی کے سابق گلوکار ہیں۔ فواد خان پاکستان سے باہر بھی مقبول ہیں۔

انہوں نے اپنی ابتدائی شہرت گلوکاری کے ذریعے حاصل کی۔ انھوں نے 2007ء میں شعیب منصور کی فلم خدا کے لیے سے اداکاری کا آغاز کیا۔ ان کی 2010ء میں ڈراما سیریل داستان میں کارکردگی کو بڑے پیمانے پر تسلیم کیا گیا۔ لیکن وہ اپنے بلاک بسٹر ہم ٹی وی سیریل ”ہمسفر“ کے ذریعے مقبولیت کی بلندیوں پر پہنچ گئے۔

ہم ٹی وی کی ہٹ سیریل ”زندگی گلزار ہے“ کے بعد ان کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا۔ فواد خان نے ”اشک“، ”اکبری اصغری“ اور ”کچھ پیار کا پاگل پن بھی تھا“ میں بھی کام کیا۔ ”زندگی گلزار ہے“ کے بعد فواد پاکستانی ڈراموں میں نظر نہیں آئے۔

ان دنوں فواد خان مختلف پاکستانی اور بین الاقوامی سیریز میں کام کرنے کی وجہ سے سرخیوں میں ہیں، جن میں ”برزخ“ اور ”جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو“ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ایک بھارتی سیریز میں بھی کام کر رہے ہیں۔

حال ہی میں میزبان اور صحافی آمنہ عیسانی نے اداکار فواد خان کی آنے والی بھارتی سیریز کے بارے میں خصوصی معلومات فراہم کیں۔

آمنہ عیسانی کا کہنا تھا کہ فواد خان بڑے بجٹ کی سیریز کر رہے ہیں، جس میں وہ پولو پلیئرز ٹرینر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس سیریز کی کہانی عمیرہ احمد نے لکھی ہے۔

اس کی ہدایتکاری عاصم رضا نے کی ہے۔ مصباح شفیق کی پروڈکشن کی سربراہی میں تیار کی گئی یہ سیریز،سونی لائف پر نشر / جاری کی جائے گی۔ فلم کی کاسٹ میں صنم سعید، میکال ذوالفقار، حرا خان اور دیگر شامل ہیں۔ سیریز کی شوٹنگ لندن، اسلام آباد اور چترال میں کی گئی ہے۔ فواد خان سیریز میں چترالی نواب کا کردار ادا کر رہے ہیں، جو پولو کھلاڑیوں کو تربیت دیتے ہیں۔ صنم سعید ممکنہ طور پر ایک برطانوی لڑکی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔

entertainment

lifestyle

showbiz celebrities