Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

شادیاں، تعلیم مہنگی، چالانوں اور ٹیکس میں اضافہ، خیبرپختونخوا کے نئے فنانس بل کی تفصیل

گھروں اور گاڑیوں کے ٹیکس بھی تبدیل
اپ ڈیٹ 28 مئ 2024 06:52am

خیبرپختونخوا حکومت نے فنانس بل 2024-25 اسمبلی میں پیش کردیا ہے جس میں کئی شعبہ جات کے ٹیکسوں کی شرح میں ردوبدل کیساتھ ساتھ نئے ٹیکس بھی لاگو کئے گئے ہیں، فنانس بل کے مطابق صوبائی حکومت نے پراپرٹی اور موٹرکار ڈیلروں پر ون ٹائم رجسٹریشن فیس کی مد میں 20 ہزار روپے جبکہ سالانہ رینول فیس 15 ہزار روپے مقرر کردی ہے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کے ایوان میں بجٹ 2024-25 کی کارروائی خیبرپختونخوا اسمبلی کے سپیکر بابر سلیم سواتی کی صدارت میں شروع ہوئی۔

فنانس بل کے مطابق صوبائی حکومت نے صوبہ میں تمباکو ڈویلپمنٹ سیس کی شرح میں اضافہ کیا ہے، جس کے مطابق ورجینیا تمباکو پر فی کلو گرام 50 روپے، وائٹ پتا پر فی کلو 30 روپے اور نسوار پر فی کلو ساڑھے 7 روپے ٹوبیکو ڈویلپمنٹ سیس لگایا گیا ہے۔

صوبے میں کاشتکاروں سے تمباکو خریدنے والی کمپنی خود کو ایکسائز کے محکمہ کیساتھ رجسٹرڈ کرےگی۔

بجٹ میں مزید کیا کچھ ہے؟ یہاں جانئے

حکومت نے پراپرٹی اور موٹرکار ڈیلروں پر ون ٹائم رجسٹریشن فیس کی مد میں 20 ہزار روپے جبکہ سالانہ رینول فیس 15 ہزار روپے مقرر کردی ہے۔

صوبائی حکومت نے بڑے شہروں میں 500 افراد یا اس سے زیادہ گنجائش کے حامل شادی ہالوں پر 25 ہزار روپے فی ایونٹ، کیٹگری بی میں 300 سے زیادہ اور 500 سے کم گنجائش کے حامل شادی ہالوں میں فی یونٹ 15 ہزار روپے جبکہ کیٹگری سی کے تحت دیہی علاقوں میں 300 سے کم افراد کی گنجائش والے شادی ہالوں پر10 ہزار روپے مقرر ٹیکس کی تجویز پیش کی ہے۔

صوبے میں پیدا ہونے والی کوئلے، نیفرائٹ، کرومائٹ اور گریفائٹ ٹیکس کے زمرے میں شامل کئے گئے ہیں۔

بل کے مطابق 5 مرلہ سے کم گھر پر کسی قسم کا ٹیکس لاگو نہیں ہوگا، البتہ 5 سے 10 مرلے پر 3 ہزار، 15 مرلہ پر 3500 اور 18مرلہ پر 4 ہزار پراپرٹی ٹیکس نافذ ہوگا۔

ایک کنال پر 15 ہزار ، 2 کنال پر 40 ہزار کا ٹیکس نافذ ہوگا۔

بجٹ میں فاٹا کیلئے رقم 66 ارب، اخراجات 96 ارب تک پہنچ گئے

نجی تعلیمی اداروں میں پرائمری اسکول پر 40 ہزار، مڈل اسکول پر 50 ہزار اور ہائی سکول پر ایک لاکھ سالانہ ٹیکس نافذ ہوگا، اسی طرح پرائیویٹ یونیورسٹی پر ڈھائی لاکھ روپے ٹیکس نافذ کرنے کی تجویز ہے۔

انڈسٹریل ایریا میں صنعتی پلاٹ پر 10 ہزار روپے کا فکسڈ ٹیکس نافذ ہوگا، سروس اسٹیشن پر 20 ہزار پراپرٹی ٹیکس، پیٹرول اور سی این جی اسٹیشن پر 50 ہزار اور موبائل فون ٹاور پر 40 ہزار روپے ٹیکس نافذ کرنے کی تجویز ہے۔

فنانس بل کے مطابق موٹرسائیکل پرڈھائی ہزار روپے لائف ٹائم ٹوکن نافذ ہوگا۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر ٹریفک چالان میں اضافہ ہوگا، موٹرسائیکل کی تیز رفتاری پر جرمانہ 120 سے بڑھا کر 500 روپے کردیا گیا ہے، موٹرکار کی تیز رفتاری پر جرمانہ 500 سے بڑھا کر 1 ہزار روپے، ٹریفک سگنل توڑنے پر موٹرسائیکل سوار پر 500، موٹرکار پر 1 ہزار روپے جرمانہ، رانگ سائیڈ پر ڈرائیونگ پر موٹر کا چالان 1 ہزار سے بڑھاکر 2 ہزار اور گاڑی کا دروازہ غلط سائیڈ سے کھولنے پر جرمانہ 500 روپے ہوگا۔

KPK Budget