Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

’جب اقتدار میں تھے تو آرمی چیف باپ اور ڈی جی آئی ایس آئی چاچا تھا‘، خواجہ آصف کا پی ٹی آئی پر طنزیہ وار

’اس طرح نہیں کہ جب چاہا وطن کی اساس پہ حملہ آور ہو جاؤ پھر معافی مانگ کر معصوم بن جاؤ اور پارٹی چھوڑ دو‘
شائع 27 مئ 2024 09:20pm

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو اپنے طنز کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ’یاد کرو جب اقتدار میں تھے تو آرمی چیف باپ اور ڈی جی آئی ایس آئی چاچا تھا، تم نے ساری مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کو جیل بھیج دیا جلا وطن کر دیا تھا‘۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر 9 مئی کیسز میں گرفتار افراد کے حوالے سے ایک ویڈیو شئر کرتے ہوئے خواجہ آصف نے لکھا کہ ’اس طرح نہیں کہ جب چاہا وطن کی اساس پہ حملہ آور ہو جاؤ، سیاسی اختلافات کو وطن دشمنی بنا ڈالو۔ پھر معافی مانگ کر معصوم بن جاؤ اور پارٹی چھوڑ دو‘۔

خواجہ آصف نے لکھا کہ ’کوئی روپوش ہوگیا، کوئی مفرور ہو گیا۔ کہاں گئے جو اسمبلی میں اگلی قطاروں میں بیٹھتے تھے اور وزیر مشیر تھے، جن کی تکبر اور رعونت سے بھری تقاریر اسمبلی کے ریکارڈ میں محفوظ ہیں‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’یاد کرو جب اقتدار میں تھے تو آرمی چیف باپ تھا، ڈی جی آئی ایس آئی چاچا تھا، ساری مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کو جیل بھیج دیا جلا وطن کر دیا تھا۔ اللہ نے حوصلہ دیا ہمت دی عزت رکھی اور اللہ نے اقتدار عطا کیا‘۔

Khawaja Asif

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

9 may incident