Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

امریکی سپریم کورٹ کے جج کی اہلیہ ٹرمپ کے حامی انتہاپسندوں کی ساتھی نکلیں، پرچم الٹنے کا الزام

جسٹس الیتو سیاسی مقدمات سے خود کو الگ کر لیں، کانگریس کے سامنے شامل تفتیش ہوں، سینیٹرز کا مطالبہ
شائع 26 مئ 2024 08:59am
جنوری 2020 میں امریکی کانگریس پر حملہ کرنے والے انتہا پسندوں نے پرچم الٹا لہرایا تھا
جنوری 2020 میں امریکی کانگریس پر حملہ کرنے والے انتہا پسندوں نے پرچم الٹا لہرایا تھا

امریکی سپریم کورٹ کے جسٹس سیموئیل الیتو کی اہلیہ پر ٹرمپ کے حامی انتہا پسندوں کی حمایت کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے انکشاف کیا ہے کہ 2020 میں بائیڈن کی فتح کے بعد جب ٹرمپ کے حامیوں نے دارالحکومت پر دھاوا بول تو جسٹس الیتو کی اہلیہ نے اپنی رہائش گاہ پر امریکی پرچم الٹا لہرایا تھا۔

صرف یہی نہیں بلکہ جسٹس الیتو کی نیو جرسی کی رہائش گاہ پر بھی دائیں بازو کے انتہا پسندوں کا ایک پرچم لہرایا گیا۔

ان انکشافات کے بعد امریکی حکمران جماعت ڈیموکریٹک پارٹی کے دو سینیٹرز نے چیف جسٹس جان رابرٹس سے ملاقات کی اجازت طلب کرلی ہے۔ امریکی سینیٹرز کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ جسٹس الیتو الیکشن سے متعلق کیسز سے خود کو الگ کر لیں اور ججز کا تقرر کرنے والی کانگریسی کمیٹی کے سامنے شامل تفتیش ہو جائیں۔

امریکہ میں قومی پرچم کو مصیبت کے وقت الٹا لہرایا جا سکتا ہے اور قومی پرچم سے متعلق کوڈ میں اس کی اجازت ہے۔ لیکن حالیہ کچھ برسوں سے صرف ٹرمپ کے حامی انتہا پسند ہی امریکی پرچم کو الٹا لہراتے ہیں۔

واشنگٹ پوسٹ نے ہفتہ کو انکشاف کیا کہ جنوری 2020 میں جب صدارتی الیکشن کے بعد ٹرمپ کے حامیوں نے کانگریس کی عمارت پر دھاوا بولا تو اس کے رپورٹر نے دیکھا کہ ورجینیا میں جسٹس الیتو کی رہائش گاہ پر امریکی پرچم الٹا لہرا رہا ہے۔

رپورٹر نے جب جج کی اہلیہ سے استفسار کیا تو ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں ایک تنازعے کے سبب پرچم کو الٹا لہرایا گیا ہے۔

تاہم یہ وہی وقت تھا جب ٹرمپ کے حامی امریکی پرچم کو الٹ کر لہرا رہے تھے۔ پرچم کا ستاروں والا حصہ جو اوپر ہوتا ہے اسے نیچے کی طرف کر دیا گیا تھا۔

 جسٹس الیتو کی اہلیہ نے پرچم الٹا لہرانے کا دفاع کیا تھا
جسٹس الیتو کی اہلیہ نے پرچم الٹا لہرانے کا دفاع کیا تھا

اخبار واشنگٹن پوسٹ کا کہنا ہے کہ اس نے جنوری 2020 میں پرچم الٹا لہرانے کی خبر اس لیے نہیں دی کیونکہ یہ جسٹس کے بجائے ان کی اہلیہ کا انفرادی عمل دکھائی دیتا تھا۔

یہ انکشاف حال ہی میں امریکی عدالتوں سے ٹرمپ کے حق میں فیصلے آنے کے بعد سامنے آیا ہے۔

پچھلے ہفتے امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے انکشاف کیا تھا کہ 2021 میں جسٹس الیتو کی رہائش گاہ پر پرچم الٹا لہرایا گیا تھا جس کی وجہ پڑوسیوں سے سیاسی تنازع تھا۔

نیویارک ٹائمز نے یہ بھی بتایا کہ نیو جرسی میں جسٹس الیتو کی نجی رہائش گاہ پر اپیل ٹو ہیون نامی پرچم لہرایا گیا جو کسی زمانے میں امریکہ کی جدوجہد آزادی سے منسلک تھا تاہم اب اسے انتہا پسندوں کی علامت مانا جاتا ہے۔

Donald Trump

Justice Alito