Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

راولپنڈی اور سیالکوٹ میں بارش اور طوفان، بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق

طوفانی ہواؤں سے درخت اور دیواریں کر گئیں، چھتیں بھی اُڑ گئیں

راوالپنڈی اور سیالکوٹ میں تیز ہواؤں، بارش آندھی، طوفان کے باعث مختلف حادثات میں 4 بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 15 سے زائد زخمی ہوگئے۔

راولپنڈی

راولپنڈی کے نواحی علاقہ گوجرخان میں طوفانی ہواؤں اور بارش کے باعث مختلف حادثات میں 3 بچے جاں بحق جبکہ 15زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق طوفانی ہواؤں اور بارشوں کے باعث گھروں کی چھتیں اور درخت گرنے کے درجنوں واقعات رونما ہوئے، درخت، دیواریں اور چھتیں گرنے سے 3 بچے جان کی بازی ہار گئے۔

ریسکیو زرائع نے بتایا کہ نواحی علاقہ سنگنی میں چھت گرنے سے 14 سالہ لڑکی اریبہ جاں بحق ہو گئی جبکہ چنگا بنگیال میں چھت گرنے سے 2 بچے 8 سالہ ظل حسن اور 9 سالہ حیدر عباس جان کی بازی ہار گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثات میں 15 زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جن میں 12 سالہ علیزے اور 4 سالہ فرحان کو زخمی حالت میں راولپنڈی ڈی ایچ کیو منتقل کیا گیا۔

سیالکوٹ

دوسری جانب سیالکوٹ میں تیز آندھی اور طوفان کے باعث مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

کشمیر روڈ پر محلہ اسلام نگر میں کباڑ خانے کی خستہ حال دیوار گرنے سے 2 افراد ملبے تلے آ کر دب گئے۔

ریسکیو ون ون ٹو ٹو نے ملبے سے عاقب اور قمر کو نکال کر اسپتال منتقل کیا جہاں 27 سالہ عاقب دم توڑ گیا۔

تحصیل پسرور کے علاقہ بھاگ میں چچا بھتیجا آسمانی بجلی گرنے سے جاں بحق ہوگئے، 32 سالہ راحیل اور 12 سالہ محمد علی کھیتوں میں چارہ کاٹ رہے تھے کہ ان پرآسمانی بجلی گری۔

rawalpindi

Rain