Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر نےغزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کو انسانیت سوز قرار دے دیا

سوشل میڈیا پر اسرائیلی مظالم دیکھ کر لگتا ہے میرا سر پھٹ جائے گا
شائع 24 مئ 2024 02:52pm

بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر نےغزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت سوز قرار دیا۔

بالی ووڈ ادا کارہ نے اپنےآفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی پوسٹ میں کہا کہ جب میں سوشل میڈیا پر فلسطین میں ہونے والے مظالم دیکھتی ہوں تو ایسا لگتا ہے میرا سر پھٹ کر باہر آجائے گا۔

اداکارہ نے کہاکہ، جب میری بیٹی پندرہ دن کی تھی ،اسرائیل کے وحشیانہ حملے جاری تھے ۔آج جب وہ بغیر سہارے کے اٹھ سکتی ہے، آوازیں نکالتی ہے، لوگوں کو پہچانتی ہے، اور ردعمل بھی کرتی ہے،

جب میں اپنی بیٹی کی طرف دیکھتی ہوں توفورا غزہ کا خیال آجاتا ہے، جہاں اسرائیل مسلسل معصوم فلسطینیوں کا قتل عام کررہا ہے۔

سوارا بھاسکر نے اسرائیل کے ظلم کابھی ذکر کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے اسپتالوں کے آئی سی یو میں نومولود بچوں کی اموات ہورہی ہیں، اسپتالوں میں لاشیں سڑ رہی ہیں فلسطین کے ہسپتالوں پر حملے ہو رہے ہیں ، ڈاکٹروں اور طبی عملے کو مارا جارہا ہے۔

دنیا بھر کی شوبز شخصیات فلسطین کے حق میں سامنے آ گئیں

اور اس سب کے لیے امریکہ، اسرائیل کو مدد فراہم کررہا ہے، امریکہ کی جانب سے اسرائیل کو مزید ہتھیار بھیجے جارہے ہیں۔

انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ، اس کے باوجود طاقت کی پوزیشن سنبھالے سفید فام مردوحضرات ابھی تک اس بحث میں الجھے ہوئے ہیں کہ کیا واقعی یہ نسل کشی ہے۔

آخر میں انہوں نے دکھ بھرے انداز سے لکھا کہ، یہ دنیا کتنی ٹوٹی پھوٹی اور کمزور ہے، جو معصوم بچوں تک کو نہیں بچا پارہی ہے۔

سوارا بھاسکر بھارت کی وہ واحد اداکارہ ہیں جو ہمیشہ فلسطین پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھاتی ہیں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کئی مرتبہ جنگ بندی کا مطالبہ کر چکی ہیں۔

Celebrities

social media

lifestyle

bolly wood