Aaj News

ہفتہ, دسمبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

جرمن قیادت کا دہشت گردی کے خلاف جنگ اور خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کیلئے پاک فوج کے کردار کا اعتراف

آرمی چیف سرکاری دورے پر جرمنی میں موجود
شائع 23 مئ 2024 06:09pm

چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر وفاقی جمہوریہ جرمنی کے سرکاری دورے پر ہیں، جہاں انہیں جرمن مسلح افواج کے دستے نے آنر گارڈ پیش کیا۔

آرمی چیف جرمنی پہنچے تو چیف آف ڈیفنس جنرل کارسٹن بریور نے وفاقی وزارت دفاع میں ان کا استقبال کیا۔

آرمی چیف نے جرمن آرمی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل الفونس ماس سے بھی ملاقات کی اور جرمن آرمی چیف کے ہمراہ آرمی کامبیٹ ٹریننگ سینٹر گارڈلیگن کا دورہ کیا۔

آرمی چیف کو سنٹر کے مختلف پہلوؤں اور جرمن اور دیگر افواج کے دستوں کو دی جانے والی تربیت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

انہوں نے شہری جنگ پر ایک مظاہرہ بھی دیکھا اور مختلف تربیتی سہولیات کا دورہ کیا۔

آرمی چیف نے وفاقی چانسلر کے خارجہ پالیسی اور سلامتی کے مشیر جینس پلوٹنر سے بھی ملاقات کی۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے وزیر مملکت برائے امور خارجہ ٹوبیاس لنڈر اور وزارت دفاع میں ریاستی سکریٹری سول اور عسکری قیادت مسٹر نیل ہلمر سے ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔

جرمن قیادت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے پاک فوج کے کردار کا اعتراف کیا۔

جنرل عاصم منیر جرمن آرمڈ فورسز کمانڈ اینڈ سٹاف کالج، ہیمبرگ کا بھی دورہ کریں گے جہاں وہ مختلف ممالک سے کورس میں شرکت کرنے والے طلباء سے خطاب کریں گے تاکہ پاکستان کے علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کے تناظر اور اقوام متحدہ کے مشنز میں پاکستان کی مسلح افواج کے کردار پر روشنی ڈالیں۔

Germany

Army Chief General Asim Munir