Aaj News

پیر, نومبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

کرغزستان میں ایک پاکستانی طالبعلم زیر علاج ہے، ادھر حالات مکمل طور پر معمول پر آگئے، اسحاق ڈار

پاکستانی طلبہ کے حوالے سے کرغز وزیر خارجہ نے یقین دلایا کہ فکر کی کوئی بات نہیں، نائب وزیر اعظم
شائع 22 مئ 2024 11:06am

نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کرغزستان میں زخمی ہونے والے تین میں سے دو پاکستانی طلبہ کو اسپتال سے ڈسچارج کیا جا چکا ہے جبکہ ایک طالب علم ابھی تک زیرعلاج ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق دار نے بتایا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائےخارجہ کونسل میں شرکت کے بعد وہ آستانہ سے بشکیک پہنچے، جہاں کرغز انتظامیہ نے فسادات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، بشکیک میں حالات مکمل طور پر معمول پر آگئے ہیں۔

اسحاق ڈار نے مزید بتایا کہ کرغزستان کے وزیر خارجہ سے پاکستانی طلبہ کے حوالے سے بات ہوئی، انھوں نے یقین دلایا کہ فکر کی کوئی بات نہیں ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کرغزستان کے صدر نے بشکیک فسادات پر سخت نوٹس لیا، فسادات کے ذمہ داروں کا تعین کرکے گرفتار کرلیا گیا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بشکیک فسادات کے بعد طلبہ خوف کا شکار ہیں، فسادات کے بارے میں فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنائی ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بشکیک میں 1100 کے قریب پاکستانی ورکز کام کر رہے ہیں، پاکستانی ورکرزایجنٹ کے ذریعے بشکیک گئے، کرغزستان کےنائب وزیراعظم نے ان ورکرزکو ویزہ جاری کرنےکا وعدہ کیا۔

دورہ قازقستان پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائےخارجہ کونسل میں پاکستان کی نمائندگی کی، آستانہ میں رہنماؤں سے سیر حاصل گفتگو ہوئی۔

Ishaq Dar

Kyrgyzstan

Kyrgyzstan Pakistani Student