ملک میں گرمی کے ڈیرے، چند شہروں میں بارش کی پیشگوئی
ملک میں گرمی کے ڈیرے ہیں، کئی شہروں میں ہیٹ ویو کا بھی خدشہ ہے، چند شہروں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ میں موسم شدید گرم رہنے اور پنجاب میں پارہ چالیس سے اوپر جانے کا امکان ظاہر کردیا ہے۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے جس کے سبب سندھ اور پنجاب کے متعدد شہروں میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
ملک کے بیشتر حصوں میں پیر سے ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، درجہ حرارت بتدریج بڑھنے اور آئندہ دس روز کے دوران 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرنے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ جون کے پہلے ہفتے میں گرمی کی لہر میں کمی آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے تاہم کراچی میں درجہ حرارت ملک کے باقی حصوں کے مقابلے میں بہتر رہے گا جہاں درجہ حرارت 36 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں موسم آج بھی گرم اور مرطوب رہے گا، ہوا میں نمی کا تناسب 69 فیصد ہے اور جنوب مغربی سے 19 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں آج بھی درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ صحت پنجاب نے ہیٹ ویو ایڈوائزری جاری کردی
ایڈوائزری پی ڈی ایم اے پنجاب کی ہدایات پر جاری کی گئی۔ پی ڈی ایم اے کے مطبق 21 سے 27 مئی پنجاب میں ہیٹ ویو کی پیشگوئی ہے، تمام اسپتالوں میں ہیٹ ویو کاؤنٹرز قائم کرنے اور متعلقہ ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانےکی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اورخشک رہے گا، خضدار، لسبیلہ اور آواران میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
صوبہ سندھ 21 سے 27 مئی تک ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہے گا، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پالتو جانوروں اور پرندوں کی گرمی میں دیکھ بھال کیسے کریں
گزشتہ روز چیف سیکریٹری سندھ نے کے الیکٹرک، حیسکو اور سیپکو کو بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات کی، جب کہ تمام اسپتالوں میں ہیٹ ویو سے بچاؤ کے سینٹر بنانے اورمارکیٹوں میں ٹھنڈے پانی کی سبیلیں لگانے اور رش والی جگہوں پر دھوپ سے بچاؤ کےلیے شیڈ لگانے کا بھی حکم دیا گیا۔
Comments are closed on this story.