Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

این اے 148 ملتان میں ضمنی انتخاب: پیپلز پارٹی کے علی قاسم گیلانی نے میدان مار لیا

سنی اتحاد کونسل کے تیمور الطاف دوسرے نمبر پر رہے
اپ ڈیٹ 20 مئ 2024 06:30am
فوٹو۔۔۔فائل
فوٹو۔۔۔فائل

ملتان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 148 پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں ووٹوں کی گنتی رات گئے تک جاری رہی۔ پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے پیپلز پارٹی کے علی قاسم گیلانی نے میدان مارلیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سید علی قاسم گیلانی 85850 ووٹ لے کر کامیاب رہے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے تیمور الطاف ملک 53449 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

گیلانی ہاؤس میں جشن منایا گیا، آتش بازی ہوئی اور جیالوں نے نعرے بازی کی

حلقہ این اے 148 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل اتوار کو صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔

این اے 148 ملتان کے ضمنی الیکشن میں مجموعی طور پر 7 امیدواروں نے انتخاب میں حصہ لیا تاہم سب سے سخت مقابلہ حسب توقع حکمران اتحاد کے حمایت یافتہ پیپلز پارٹی کے امیدوار علی قاسم گیلانی اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار تیمور الطاف میں ہوا۔

حلقے میں 4 لاکھ 44 ہزار 231 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، ان میں مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 33 ہزار 624 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 10 ہزار 607 ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی الیکشن کے لیے حلقے میں 275 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے، خواتین اور مرد ووٹرز کے لیے 72، 72 پولنگ اسٹیشن مختص کیے گئے جبکہ 131 پولنگ اسٹیشن مشترکہ تھے۔

275 پولنگ اسٹیشن میں 933 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، ان میں مرد ووٹرز کے لیے 485 جبکہ خواتین کے لیے 448 پولنگ بوتھ بنائے گئے۔

ضمنی الیکشن کے لیے 2248 پولنگ اسٹاف کی خدمات حاصل کی گئیں ان میں 275 پریذائیڈنگ افسران، 933 اسسٹنٹ پریزائیڈنگ اور 933 ہی پولنگ افسران شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن نے ان پولنگ سٹیشنز میں سے 69 کو حساس قرار دیا جبکہ 3 ہزار800 پولیس افسر اور اہلکاروں نے سیکیورٹی فرائض انجام دیے جبکہ حساس پولنگ اسٹیشن پر پاک فوج اور رینجرز کے جوان بھی تعینات رہے۔

صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے مطابق پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا گیا، ووٹرز بلا خوف خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے پولنگ اسٹیشن کا رُخ کریں۔

ماضی میں اس حلقے سے یوسف رضا گیلانی، سکندر حیات بوسن اور احمد حسین ڈیہڑ منتخب ہوچکے ہیں۔

8 فروری کے عام انتخابات میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے تیمورالطاف ملک کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی تھی، یوسف رضا گیلانی کے چیئرمین سینیٹر بننے کے بعد یہ سیٹ خالی ہوئی تھی۔

ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما سنی اتحاد کونسل بیرسٹر تیمور ملک نے کہا ہے کہ ہمارے سامنے رزلٹ اور فارم 45 آئیں گے، پچھلی بار بھی 104 کا فرق رکھا گیا، دوبارہ گنتی نہیں کرائی گئی۔

بیرسٹر تیمور ملک کا کہنا تھا کہ میرے جیسا وکیل اور شہری چاہتا ہے پرامن احتجاج ہے، صبح اچھی ہوئی ہے، ووٹر ٹرن آؤٹ اس وقت توقع سے زیادہ ہے، لوگ ووٹ ڈالنے کیلئے نکلے ہیں، حق کی فتح ہوگی۔

Yousuf Raza Gilani

Pakistan Politics

Election 2024

By election 2024

na 148 multan