Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
14 Jumada Al-Awwal 1446  

لاہور: تاجر فیصل بٹ کو بچوں کے سامنے قتل کیا، نواب ٹاؤن پولیس مقابلہ جعلی قرار

عارف والا پولیس نے ریڈ بھی ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کیا، ذرائع
شائع 17 مئ 2024 03:23pm
علامتی تصویر / فائل
علامتی تصویر / فائل

لاہور کے نواب ٹاؤن میں ہونیوالے مبینہ پولیس مقابلہ کی حقیت سامنے آگئی۔ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے نواب ٹاؤن پولیس مقابلہ جعلی قراردیدیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عارف والا پولیس نے لاہور کے تاجر کے گھر پر چھاپہ مارنے کے دوران ایس اوپیز کی خلاف ورزی کی تھی۔

یاد رہے کہ لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں گزشتہ دنوں عارف والا کی پولیس نے ایک گھر پر ریڈ مارا تھا، ابتدائی اطلاعات یہ سامنے آئی تھیں کہ مبینہ پولیس مقابلے میں ایک کانسٹیبل جاں بحق ہوا۔

آئی جی پنجاب کے حکم پر واقعے کی تحقیقات کے لیےفیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے نواب ٹاؤن پولیس مقابلہ جعلی قراردیدیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے گھر پر مرنے والا شخص تاجر فیصل بٹ تھا، اور اسے اس کےبچوں کےسامنے گولیاں ماری گئیں، عارف والا پولیس جاں بحق کانسٹیبل خلیل کی لاش چھوڑ کر بھاگ گئی تھی۔

اس حوالے سے ذرائع نے مزید بتایا کہ نواب ٹاؤن پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر کانسٹیبل کی لاش تحویل میں لی۔ تاجر فیصل بٹ کے بھائی کی گولی سے کانسٹیبل خلیل جاں بحق ہوا تھا۔

ذرائع کے مطابق واقعےکا مقدمہ دہشتگردی کی دفعات کے تحت نواب ٹاؤن تھانہ میں درج کیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں نواب ٹاؤن پولیس مقابلے کے حوالے سے یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ دوسرے شہر کی پولیس نے لاہور پولیس کو بھی اپنے ایکشن سے آگاہ نہیں کیا تھا جبکہ یہ اہلکار سادہ کپڑوں میں شہری کے گھر گھسے جس پر تاجر کی والدہ نے سادہ کپڑوں میں اہلکاروں کو دیکھ کر ڈاکو سمجھا۔

ذرائع کے مطابق ماں کے شور مچانے پر گھر میں موجود بیٹے نے فائرنگ کی جس سے ایک پولیس اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔ جس کے بعد پاکپتن پولیس نے اسپتال میں بھی دو نمبری دکھائی اور اسپتال میں مرنے والے کانسٹیبل کو پولیس کی وردی پہنادی۔ بعدازاں پاکپتن پولیس نے تاجر کے گھر جاکرفیصل بٹ کو گولیاں ماریں۔