Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

چینی کمپنی کی پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی، وزیر اعظم کا خیرمقدم

بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں، شہباز شریف
شائع 17 مئ 2024 02:16pm
اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف سے چینی کمپنی ایم سی سی ٹونگسن ریسورسز کا وفد ملاقات کر رہا ہے۔ فوٹو۔۔۔پی آئی ڈی
اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف سے چینی کمپنی ایم سی سی ٹونگسن ریسورسز کا وفد ملاقات کر رہا ہے۔ فوٹو۔۔۔پی آئی ڈی

وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی کمپنی کی پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین نے پاکستان کی ہر برے وقت میں مدد کی جس پر مجھ سمیت پوری قوم چینی قیادت اور چینی عوام کی مشکور ہے۔ دوسری طرف دورہ چین کے دوران نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے بھی چینی حکام سے مفید ملاقاتیں کیں۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے چینی کمپنی ایم سی سی ٹونگسن ریسورسز کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی ۔ چینی کمپنی نے پاکستان میں معدنیات و کان کنی کے شعبے میں اپنی سرمایہ کاری بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

چینی کمپنی نے پاکستان میں منرل پارک بنانے کے حوالے سے وزیرِ اعظم کو بریفنگ دی اور مزید سرمایہ کاری کے منصوبے سے آگاہ کیا۔

شہباز شریف نے چینی کمپنی کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ حکومت ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کے اضافے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔

وزیرِ اعظم نے چینی کمپنی کو پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں کان کنی سے لے کر برآمدی اشیاء کی تیاری کیلئے سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی برآمدات میں اضافے کیلئے معدنیات نکالنے، ان کی پراسسینگ اور ان کی مصنوعات کو برآمد کرنے کیلئے سرمایہ کاری کو مکمل سہولت دی جائے گی۔

وزیرِ اعظم نے متعلقہ وفاقی وزراء اور افسران کو چینی کمپنی کے ساتھ مشاورت کی ہدایت بھی کی۔

اسحاق ڈار کی چین میں اہم ملاقاتیں

اسلام آباد میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے چین کا سرکاری دورہ کیا، اور چینی حکام سے مفید ملاقاتیں کیں۔ جس میں سی پیک سمیت سرماریہ کاری کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ ملاقاتوں میں سی پیک کے دوسرے حصے پر کام کے حوالے سے گفتگو ہوئی، اس کے علاوہ پاکستان اورچین کےدرمیان امن و استحکام سمیت دیگر امور پر بھی بات چیت کی گئی۔

Ishaq Dar

PM Shehbaz Sharif

China Pakistan

Special Investment Facilitation Council (SIFC)