Aaj News

پیر, نومبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Awwal 1446  

ایمنڈ نے پنجاب کے ہتک عزت اور وفاق کے پیکا ترمیمی بل کو مسترد کردیا

اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لئے بغیر عجلت میں منظور کیا گیا کوئی بھی قانون آزادی اظہار رائے کا گلہ گھونٹنے کے مترادف ہوگا، ایمنڈ اعلامیہ
اپ ڈیٹ 16 مئ 2024 10:12pm

ایسوسی ایشن آف الیکڑانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (ایمنڈ) نے پنجاب ہتک عزت بل دو ہزار چوبیس اور ڈیجیٹل میڈیا اتھارٹی کے قیام پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ایمنڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں حکومت پنجاب کی جانب سے تیار کئے گئے ہتک عزت کے مجوزہ بل اور وفاقی حکومت کے پیکا ترمیمی بل کو مسترد کیا گیا ہے۔

جاری بیان میں کہا گیا کہ اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لئے بغیر عجلت میں منظور کیا گیا کوئی بھی قانون آزادی اظہار رائے کا گلہ گھونٹنے کے مترادف ہوگا۔

جمعرات کو ایمنڈ کی جنرل باڈی کا اجلاس لاہور میں منعقد ہوا جس میں ملک میں آزادی صحافت کی موجودہ صورتحال اور الیکٹرانک میڈیا کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ ایمنڈ ہتک عزت اور فیک نیوز کے تدارک کے لئے قانون سازی کی مخالف نہیں، تاہم کوئی بھی قانون بنانے سے پہلے نہ صرف اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے بلکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ایسا کوئی قانون آزادی اظہار رائے کو متاثر نہ کرے۔

جنرل باڈی اجلاس میں سال 2024 سے 2026 کے لئے عہدیداران کا انتخاب بھی کیا گیا۔ جس کے مطابق جیو نیوز کے اظہر عباس صدر، سماء نیوز کے طارق محمود سیکرٹری جنرل، ایکسپریس نیوز کے ایاز خان سینئر نائب صدر، نيو نیوز کے محمد عثمان نائب صدر، ہم نیوز کے ریحان احمد اور 24 نیوز کے میاں طاہر جوائنٹ سیکرٹریز ہوں گے جبکہ شہاب محمود فنانس سیکرٹری کی ذمہ داری ادا کریں گے۔

ایگزیکٹو کمیٹی کے دیگر اراکین میں مبارک علی، اویس اقبال، محمد نوشاد على، كامران لاشاری، محسن رضا، معصوم رضوی، عماد یوسف اور زاہد مظہر شامل ہیں۔

اجلاس کے موقع پر مختلف قراردادیں بھی منظور کی گئیں۔

JOINT ACTION COMMITTEE

Punjab Defamation Bill 2024

Digital Media Authority

Association Of Electronic Media Editors and News Directors (AEMEND)