Aaj News

بدھ, جنوری 15, 2025  
14 Rajab 1446  

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی چینی وزیر خزانہ سے ملاقات، مالی تعاون مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال

بیجنگ میں ہماری میٹنگ بہت مفید رہی، اسحاق ڈار
شائع 16 مئ 2024 04:46pm

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے عوامی جمہوریہ چین کے وزیر خزانہ سے ملاقات کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم اور چین کے وزیر خزانہ نے پاک چین مالیاتی اور بینکنگ تعاون کو سراہا اوردونوں ممالک کے درمیان آل ویدر سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کا مظہر قرار دیا۔

دونوں رہنماؤں نے بزنس ٹو بزنس روابط کے پیش نظر مالی تعاون کو مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔

دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ چینی وزیر خزانہ نے پاکستان کے اقتصادی ایجنڈے کو سراہا اور مالی استحکام کو مضبوط بنانے کی کوششوں میں چین کی پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا جبکہ مالیاتی اور بینکنگ تعاون کو فروغ دینے میں نائب وزیراعظم کے تعاون کو بھی سراہا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری راغب کرنے کے لیے اصلاحاتی ایجنڈے پر روشنی ڈالی اور چین سے سرمایہ کاری کے حوالے سے پاکستان کی اعلیٰ ترجیح پر بھی زور دیا جبکہ سرمایہ کاری کے حوالے سے جن ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کی گئی ان میں زراعت، آئی ٹی، کان کنی ، معدنیات اور قابل تجدید توانائی شامل ہیں۔

نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے چائنہ بزنس راؤنڈ اپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دیرینہ اور مضبوط دوستی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بیجنگ میں ہماری میٹنگ بہت مفید رہی، ملاقات میں علاقائی امورسمیت اہم معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کےبہت سےمواقع موجود ہیں۔

Ishaq Dar

China Visit