Aaj News

منگل, جنوری 07, 2025  
06 Rajab 1446  

سعید انور کو اچانک کیوں شدید تنقید کا سامنا ہے؟

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے آسٹریلیا سے واپسی پر ایک ویڈیو میں خواتین کے معاشی کردار کی خرابیوں کا ذکر کیا ہے
شائع 16 مئ 2024 01:57pm

سابق ٹیسٹ کرکٹر سعید انور نے ملازمت پیشہ خواتین سے متعلق ایسا بیان دیا ہے جس نے اُنہیں شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا ہے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر نے آسٹریلیا سے واپسی کے بعد وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں بتایا کہ وہاں اُن کی ملاقات آسٹریلیا کے ایک میئر، سابق فاسٹ باؤلر اور نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن سے بھی ہوئی۔ معاشرتی اقدار کے زوال کے حوالے سے بحث چھڑی تو اُن لوگوں نے تسلیم کیا کہ بہت سی خرابیاں خواتین کے کام کرنے سے پیدا ہوتی ہیں۔

سعید انور کا کہنا تھا کہ خواتین کو اللہ نے گھر کی زینت اور ذمہ دار قرار دیا ہے۔ عورت کی بنیادی ذمہ داری بچوں کی بہتر پرورش و تربیت اور گھر کے معاملات کو سنبھالنا ہے۔

اپنے تبصرے میں سعید انور کا یہ بھی استدلال تھا کہ خواتین کے بڑھتے ہوئے معاشی کردار کے باعث طلاقوں کا تناسب 30 فیصد ہوگیا ہے۔ سعید انور کہتے ہیں کہ آسٹریلوی میئر نے کہا کہ جب سے ہم نے اپنی عورتوں کو کمانے پر لگایا ہے تب سے معاشرہ عدم توازن کا شکار ہوگیا ہے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر کے مطابق خواتین کے ذہنوں میں یہ بات، ایجنڈے کے تحت، ٹھونسی گئی ہے کہ وہ خود کماکر گھر بخوبی چلاسکتی ہیں۔ اس سوچ کا پیدا کیا جانا بہت بڑے گیم پلان کا حصہ ہے۔ اور یہ کہ ہمیں اپنے معاشرے میں خرابیاں پیدا کرنے والا یہ گیم پلان ناکام بنانا ہوگا۔

سعید انور کے موقف پر بہت تنقید کی جارہی ہے، بالخصوص خواتین کے معاشی کردار کے باعث طلاقوں کی تعداد میں اضافے کے حوالے سے۔ تنقید کرنے والوں کا کہنا ہے کہ اسلام میں تو خواتین کو جنگوں میں بھی بھرپور عملی کردار ادا کرنے کی تحریک دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں، ام المومنین خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا بھی تجارت کیا کرتی تھیں۔

چند ایک سوشل میڈیا یوزرز نے سعید انور کی رائے کو درست بھی قرار دیا ہے۔

WORKING WOMEN

Saeed Anwar

INCREASING DIVORCES

RECENT VIDEO