Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

یو اے ای کی پہلی پکی سڑک بنانے والوں میں شامل پاکستانی شہری کے اعزاز میں تقریب

شیر اکبر آفریدی کو ماہانہ 150 روپے ملا کرتے تھے، اوور ٹائم کے ذریعے اُن کی ماہانہ آمدنی 400 روپے تک ہو جاتی تھی
اپ ڈیٹ 16 مئ 2024 02:01pm

شیر اکبر آفریدی کا آبائی تعلق پاکستان سے ہے تاہم وہ متحدہ عرب امارات میں ایک اہم شخصیت بن چکے ہیں۔ اُنہیں ایک منفرد اعزاز حاصل ہے۔ کچھ ہی دنوں میں اُنہیں یو اے ای میں سکونت اختیار کیے ہوئے 60 سال ہونے والے ہیں۔ انہیں یو اے ای میں کنکریٹ کی پہلی سڑک بچھانے میں حصہ لینے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔

شیر اکبر آفریدی نے متحدہ عرب امارات کی ترقی کے مختلف ادوار دیکھے ہیں۔ جب انہوں نے اس سرزمین پر قدم رکھا تھا تب دبئی، شارجہ، عجمان، ابوظبی اور دیگر خلیجی ریاستوں نے مل کر متحدہ عرب امارات کی شکل اختیار نہیں کی تھی۔

شیر اکبر آفریدی اپنے آبائی علاقے سے کراچی پہنچے اور پاسپورٹ بنوانے کے بعد دبئی کا ویزا لگواکر ایک بحری جہاز (ایم وی دوارکا) کے ذریعے دبئی پہنچے۔ اس بحری سفر کا ٹکٹ 102 روپے تھا۔ یہ اُس دور میں بہت بڑی رقم تھی۔ کراچی سے دبئی پہنچنے میں اس جہاز کو تین دن لگے تھے۔

شیر آکبر آفریدی نے دبئی میں تعمیرات کے شعبے میں محنت مزدوری سے عملی زندگی شروع کی۔ ایک بڑے ادارے سے وابستہ ہوکر وہ ترقی کرتے گئے۔ اس ادارے کے مالکان کی مہربانی سے اُنہیں متحدہ عرب امارات کے بانی شیخ زاید بن سلطان آل نہیان، دبئی کے اُس وقت کے حکمران شیخ مکتوم اور دیگر بڑی حکومتی شخصیات سے ملنے کے مواقع ملتے رہے۔

دبئی کے اخبار خلیج ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق شیخ اکبر آفریدی کہتے ہیں کہ انہوں نے پورے یو اے ای کو اپنی آنکھوں سے پنپتے ہوئے دیکھا ہے۔ دبئی سے ابوظبی تک اس دور میں برائے نام ترقی ہوئی تھی۔ آبادیاں بھی نہیں تھیں اور کارباری ادارے بھی برائے نام تھے۔

ابتدا میں شیر اکبر آفریدی کو ماہانہ 150 روپے ملا کرتے تھے۔ اوور ٹائم کے ذریعے اُن کی ماہانہ آمدنی 400 روپے تک ہو جاتی تھی۔ یہ بہت بڑی رقم تھی۔ تب خلیج کے خطے میں بھارتی کرنسی آزادانہ چلا کرتی تھی۔

UNITED ARAB EMIRATES

SHER AKBAR AFRIDI

60 YEARS IN UAE

WITNESS TO DEVELOPMENT