Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بیٹے نے شر پسندوں کے عزائم خاک میں ملا دیئے، شہید سب انسپکٹر عدنان قریشی کے والد کی گفتگو

فائرنگ اور پتھراؤ کے دوران عدنان شہید کو وہاں سے نکالا گیا، ایس ایس پی میرپور
شائع 16 مئ 2024 12:12am

آزاد جموں و کشمیر میں حالیہ پرتشدد مظاہروں میں اپنے فرض کی ادائیگی کے دوران شہادت پانے والے سب انسپکٹر عدنان شہید نے شر پسندوں کے حملوں کے خلاف اور امن کی خاطر جامِ شہادت نوش کیا۔

آزاد جموں وکشمیر کے دلخراش سانحے میں شہید ہونے والے سب انسپکٹر عدنان قریشی کے اہلخانہ نے اظہار خیال کیا ، سب انسپکٹر عدنان قریشی شہید کی شہادت پر اُن کے والد کا کہنا تھا کہ مجھے باپ ہونے کے ناطے بہت دکھ ہے مگر مجھے فخر ہے کہ میرے بیٹے نے جام شہادت نوش کیا میں نے اپنے بیٹے کو ملک و قوم کی خدمت کے لئے وقف کر دیا تھا۔

شہید انسپکٹر کے والد کا کہنا تھا کہ میرے بچے کی طرح ہزاروں جوان ملک دشمنوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں ہم موت سے ڈرنے والے نہیں ، میرا ایمان ہے کہ موت تو آنی ہے۔ میرے بیٹے نے شر پسندوں کے عزائم خاک میں ملا دیے۔ ان انتشاری ٹولوں کا مقصد ملک میں افراتفری پھیلانا ہے، اللہ کے فضل سے سینکڑوں عدنان وطنِ عزیز کی حفاظت کے لیے تیار ہیں۔

افسوسناک واقعے پر ایس ایس پی میر پور کامران علی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ شر پسندوں نے آزاد جموں و کشمیر کا امن تباہ کرنے کی کوشش کی۔ ہمارے بہت قیمتی آفیسر نے جام شہادت نوش کیا ہے۔ کسی صورت بھی ملوث عناصر کو نہیں چھوڑا جائے گا۔

ایس ایس پی میر پور کا کہنا تھا کہ شر پسندوں نے روڈ بلاک کر رکھے تھے جس طرح ہمارے جوانوں نے زخمیوں کو وہاں سے نکالا اس پر میں انکو سلیوٹ پیش کرتا ہوں۔ فائرنگ اور پتھراؤ کے دوران عدنان شہید کو وہاں سے نکالا گیا۔ ایمبولینس تک کا راستہ روکا گیا ، یہ کیسا پر امن احتجاج ہے۔

ایس ایچ او تھوتھل وجاہت کاظمی کا مزیدکہنا تھا کہ عدنان شہید کو جب گولی لگی تو انکا خون تیزی سے بہہ رہا تھا اور ان کے چہرے پرتب بھی مسکراہٹ تھی، عدنان شہید کی زبان پر اللہ اکبر اور کلمہ طیبہ کا ورد جاری تھا۔ ان شر پسند عناصر کا مقصد احتجاج نہیں بلکہ آزاد جموں و کشمیر کا امن تباہ کرنا تھا، احتجاج کی آڑ میں امن تباہ کرنے والے یہ شر پسند عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

ایس ایچ او تھوتھل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس عوام کی محافظ ہے لیکن ریاست کے امن کو خراب کرنے اور انارکی پھیلانے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ سب انسپکٹرعدنان قریشی شہید کی قربانی ہماری آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے۔

Inspector Adnan Qureshi

Azad Kashmir Violence

Azad Kashmir Protest