وزیراعظم کی سندھ حکومت کو درپیش ترقیاتی مسائل اور تحفظات دور کرنے کی ہدایت
وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ میں وفاقی حکومت کے جاری تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرنے اور حکومت سندھ کو درپیش تمام ترقیاتی مسائل اور ان کے تحفظات کو دور کرنے کی فوری ہدایت کردی۔
بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ملاقات کی۔
ملاقات میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، سردار اویس خان لغاری، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے حکومت سندھ کو درپیش تمام ترقیاتی مسائل اور ان کے تحفظات کو دور کرنے کی فوری ہدایت کردی۔
شہباز شریف نے سندھ میں وفاقی حکومت کے جاری تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کی بحالی کے لیے وفاق اور صوبوں کے مابین اشتراک ناگزیر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مجموعی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہمیں متحد ہو کر مسائل کے حل تلاش کرنا ہوں گے، ملک کا معاشی استحکام ہمارا بنیادی مقصد ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ وفاقی وزراء کو سندھ حکومت کے مالی و اقتصادی اور دیگر مسائل کا پائیدار حل تلاش کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے آئندہ سال کے ترقیاتی بجٹ کی تیاری میں تمام صوبوں کو اعتماد میں لینے اور ان کی مشاورت کو شامل کرنے ہدایت کی۔
پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے پائیدار ترقی کے حامل منصوبے لائے جائیں، وزیراعظم
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے ذریعے ملک میں پائیدار ترقی کے حامل منصوبے لائے جائیں۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزارت منصوبہ بندی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے امور پر اہم اجلاس بدھ کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام میں ایسے منصوبے لائے جائیں جس سے ملک کی پائیدار ترقی ممکن ہو سکے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت دی کہ تمام بڑے قومی منصوبوں کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کروائی جائے۔
انہوں نے ترقیاتی بجٹ اور پی ایس ڈی پی کے حوالے سے کابینہ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی، یہ کمیٹی پی ایس ڈی پی پروگرام کے لیے لائحہ عمل تشکیل دینے کے حوالے سے قلیل مدتی، وسط مدتی اور طویل مدتی تجاویز مرتب کرے گی۔
وزیراعظم نے پی ایس ڈی پی پروگرامز اور صوبوں کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے وفاق اور صوبوں میں ہم آہنگی اور روابط بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے تمام وفاقی وزارتوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں کے حوالے سے تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ،وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وزیر پٹرولیم مصدق ملک، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
Comments are closed on this story.