Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ ’بلاک آؤٹ 2024‘ کی فہرست میں شامل ہوگئیں

تحریک غزہ جنگ پر خاموشی اختیار کرنے والوں کے خلاف ہے
شائع 15 مئ 2024 04:06pm

بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کو ’بلاک آؤٹ 2024‘ کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے جس میں ٹیلر سوئفٹ سے لے کر پریانکا چوپڑا تک کے نام شامل ہیں۔

سالانہ فنڈ ریزر میٹ گالا کے تازہ ترین ایڈیشن میں شرکت سے لے کر اس ہفتے کے اوائل میں گچی کروز شو میں اپنی شرکت تک، عالیہ بھٹ نے خود کو ’بلاک آؤٹ 2024‘ کی فہرست میں پایا ہے، جو سوشل میڈیا پر مشہور شخصیات اور اثر و رسوخ رکھنے والوں کو ان فالو کرنے اور بلاک کرنے کی ایک تحریک ہے، جو غزہ کی موجودہ صورتحال پر مکمل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔

اس رجحان کا مقصد مشہور شخصیات اور ان کی ملکیت کے کاروبار کو ان کے سوشل میڈیا ہینڈلز کے ذریعے کم کرنا ہے۔

ان مشہور شخصیات کی فہرست میں، جن کے پاس ایک مضبوط پلیٹ فارم ہے، لیکن غزہ میں اسرائیل کے حملوں کے خلاف آواز اٹھانے کے لئے کبھی بھی اپنی رسائی اور اثر و رسوخ کا استعمال نہیں کیا، ان میں بالی ووڈ کی ساتھی اداکارہ اور سابق مس یونیورس پریانکا چوپڑا، ان کے شوہر، گلوکار نک جونس کے ساتھ ساتھ اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی بھی شامل ہیں۔

بلاک آؤٹ فہرست میں مغرب سے تعلق رکھنے والے قابل ذکر ناموں میں کم کارڈیشین، ٹیلر سوئفٹ، بیونسے، کائلی جینر، زینڈیا، ملی سائرس، سلینا گومز، کلو کارڈیشین، آریانا گرانڈے، ڈوجا کیٹ، ڈیمی لوواٹو، لیزو، نکی مناج، ٹریوس اسکاٹ، کانیے ویسٹ، کیٹی پیری، زیک ایفرون، جو جونس، کیون جونس اور جسٹن ٹمبر لیک شامل ہیں۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ آن لائن تحریک کا آغاز گزشتہ ہفتے میٹ گالا کے بعد ہوا تھا، جہاں مشہور شخصیات نے اپنی مرضی کے مطابق شاندار لباس زیب تن کیا تھا، جس کے ٹکٹ کی قیمت 75,000 امریکی ڈالر تھی، جب کہ وہ غزہ جنگ پر خاموش رہے، جس میں اکتوبر 2023 سے اب تک 35،000 سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ جن میں بڑی تعداد بچوں کی ہے۔

Bollywood actress

lifestyle

show bizz