بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان کی جان بخشنے کیلئے گینگسٹر لارنس بشنوئی کمیونٹی نے اہم شرط رکھ دی
ممبئی: بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان کی جان بخشنے کیلئے گینگسٹر لارنس بشنوئی کمیونٹی نے اہم شرط رکھ دی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ دنوں سلمان خان کی سابقہ گرل فرینڈ سومی علی نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران گینگسٹر لارنس بشنوئی سے معافی مانگی تھی۔
سلمان خان فائرنگ کیس، پولیس نے ایک اور ملزم کو گرفتار کرلیا
سومی علی نے کہا تھا کہ کالے ہرن کے شکار کے واقعے کو کئی سال گزر چکے ہیں، اس وقت سلمان خان کی عمر بھی کم تھی، ان سے انجانے میں غلطی ہوگئی تھی، لہٰذا میں بشنوئی گینگ کے سربراہ سے درخواست کرنا چاہتی ہوں کہ اس واقعے کو بھول جائیں، میں سلمان خان کی طرف سے معافی مانگ رہی ہوں۔
بھارتی میڈیاکے مطابق سومی علی کے معافی نامے کے بعد بشنوئی کمیونٹی کے صدر دیویندر بودیا نے سلمان خان کی زندگی بخشنے کیلئے اپنی شرط بتائی ہے۔
بشنوئی کمیونٹی کے صدر دیویندر بودیا نے اپنے بیان میں کہاکہ ہم سلمان خان کی سابقہ گرل فرینڈ سومی علی کی طرف سے مانگی گئی معافی کو قبول نہیں کریں گے۔ کیونکہ قصوروار سومی علی نہیں بلکہ سلمان خان ہیں۔
دیویندر بودیا نے کہا کہ اگر سلمان خان خود آکر ہم سے اپنی غلطی کی معافی مانگ لیں گے تو ہم انہیں معاف کرنے کے بارے میں سوچ سکتے ہیں اور اداکار ہمیں یہ بھی یقین دہانی کروائیں کہ وہ مستقبل میں دوبارہ ایسی کوئی غلطی نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ سلمان خان اپنی معافی کے ساتھ ہمیں اس بات کا یقین بھی دلائیں گے کہ وہ ہمیشہ جنگلی حیات و ماحولیات کے تحفظ کیلئے کام کریں گے۔
سلمان خان پر1998 میں فلم “ہم ساتھ ساتھ ہیں’ کی شوٹنگ کے دوران پابندی کے باوجود کالے ہرن کا شکار کرنے کا الزام تھا۔ بھارتی عدالت نے نےانہیں 5سال کی قید کی سزا دی تھی ، تا ہم بعد میں انہیں ضمانت پر چھوڑ دیا گیا تھا۔
کالا ہرن بشنوئی کمیونٹی کے نزدیک مقدس مانا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ لارنس بشنوئی گینگ نے سلمان خان کو قتل کی دھمکیاں دی ہیں۔
اس سلسلے میں گزشتہ ماہ سلمان خان کے گھر پر فائرنگ بھی کی گئی، جس کے چھ ملزمان اب تک گرفتار کئے جا چکے ہیں۔باقی منزمان کی تلاش جاری ہے۔
اس واقعے کے بعد سلمان خان اور ان کے اہل خانہ پر خوف طاری ہو گیا تھا۔
Comments are closed on this story.