عوام کی خدمت کیلئے پُرتعیش زندگی چھوڑی، اُس کی قیمت چکانی پڑرہی ہے
سابق اسسٹنٹ کمنشر نارتھ ناظم آباد حازم بھنگوار نے اپنے لباس اور فیشن پر تنقید کرنے والوں کو دو ٹوک جواب دے دیا ۔
گزشتہ دنوں ہم اسٹائل ایوارڈ شو میں جہاں پاکستانی اداکارائیں اپنے بولڈ لباس کی وجہ سے سوشل میڈیا پر ٹرول ہوئیں تو وہیں حازم بھنگوار نے اپنے منفرد انداز میں انٹری دے کر تقریب سمیت سوشل میڈیا صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کی۔
ایسے میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ایکس پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ انڈین سول سروس جدید دنیا کی پہلی میرٹ پر مبنی بیوروکریسی ہے، ٹریولن رپورٹ (سول سروس کی بنیاد رکھنے والی دستاویزات) کے مصنفین اپنے خوابوں میں کبھی سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ ہم پاکستان میں اس زوال کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔
اُنہوں نے مشورہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ سول سروس جس دفتر پر آپ قابض ہیں اس کا کچھ احترام کریں۔
حازم بھنگوار نے خود پر تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں، دفتری امور اور عہدے سے بخوبی آگاہ ہیں اور وہ اپنے تمام فرائض احسن انداز میں سر انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کسی کا نام لکھے بغیر تنقید کرنے والوں کو جواب دیا کہ زیادہ تر لوگ یہ بھول چکے ہیں کہ حازم بھنگوار ایک بیورو کریٹ کے علاوہ ایک انسان بھی ہیں، دوسرے انسانوں کی طرح انہیں بھی اپنی ذاتی زندگی مرضی کے مطابق گزارنے کا حق ہے اور اس بات کو بہت سارے لوگ بھول چکے ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ وہ اپنی پرتعیش زندگی چھوڑ کر عوام کی خدمت کے لیے افسر شاہی کا حصہ بنے لیکن انہیں اس کی قیمت چکانی پڑ رہی ہے۔
مزید پڑھیے : ہم اسٹائل ایوارڈ ، حازم بھنگوار توجہ کا مرکز بن گئے
حازم بھنگوار نے لکھا کہ انہیں ہر روز عام لباس پہننے پر تنقید، ٹرولنگ اور نامناسب رویوں اور الفاظ کا سامنا رہتا ہے، وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں بخوبی نبھا رہے ہیں اور وہ دفتر میں اچھا لباس پہن کر جاتے ہیں۔
انہوں نے شکوہ کیا کہ کسی بھی ڈاکٹر سے یہ توقع نہیں کی جاتی کہ وہ اپنا گاؤن پہن کر عام افراد میں جائیں گے لیکن ان سے یہ امید رکھی جاتی ہے کہ وہ باہر بھی وہی لباس پہن کر جائیں جو کہ دفتر میں پہنا ہوتا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ان کا آخری اور واحد مقصد عوام کی خدمت کرنا ہے اور وہ پرسکون اور اچھے انداز میں اپنے فرائض نبھا رہے ہیں اور انہیں امید ہے کہ انہیں اپنی ذمہ داریاں پرسکون انداز میں ادا کرنے دی جائیں گی۔
یاد رہے کہ ایوارڈ شو میں حازم بھنگوار نے سیاہ رنگ کا لباس زیب تن کیا ہوا تھا، جبکہ اپنے لباس کے ساتھ حازم بھنگوار نے مصنوعی پر بھی لگائے ہوئے تھے، جسے دیکھ کر ایوارڈ شو میں شریک لوگ حیران ہوئے بنا نہ رہ سکے۔
Comments are closed on this story.