Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

شدید غصہ آپ کے جسم میں کونسی خطرناک تبدیلیاں کرتا ہے؟

غصہ جسمانی طور پر بھی آپ پر حملہ آور ہوسکتا ہے
شائع 14 مئ 2024 06:08pm

کیا آپ کو بھی غصہ کرنے کی عادت ہے اور بات بات میں لوگوں پر غصہ اُتار دیتے ہیں؟ اگر ایسا کرتے ہیں تو یہ کافی سنگین نوعیت کا معاملہ ہے۔

غصے میں انسان بہت کچھ بول کر ٹھنڈا تو ہوجاتا ہے مگر یہ نہیں سوچا جاتا کہ غصہ دراصل ہماری صحت کا بہت بڑا دشمن ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق زیادہ غصہ کرنے سے نہ صرف آپ کی ذہنی صحت متاثر ہوتی ہے بلکہ یہ جسمانی طور پر بھی آپ پر حملہ آور ہوسکتا ہے۔

زیادہ غصے کرنے والے افراد دل کی بیماری، نظام ہاضمہ کے مسائل اور بے خوابی کا شکار ہوجاتے ہیں۔

غصہ ایک فطری عمل ہے جو آپ کو اپنی زندگی میں مثبت تبدیلیاں لانے اور حوصلہ افزا فیصلے کرنے کا جذبہ فراہم کرسکتا ہے۔

تاہم زیادہ غصہ اگر اسے مناسب طریقے سے سنبھلا نہ جائے تو یہ آپ کے ساتھ دوسروں کا بھی نقصان کرسکتا ہے۔

یہاں آپ کو بتاتے ہیں کہ غصہ کرنے سے کیا نقصانات ہوتے ہیں یقیناً اسے پڑھنے کے بعد آپ غصہ کرنے سے قبل ہزار بار سوچیں گے۔

ایک تحقیق کے مطابق غصے کرنے سے شریانیں تنگ ہوتی ہیں۔ خلیات کی خود کو درست انداز سے کام کرنے کی صلاحیت پر منفی اثر پڑتا ہے اور نقصان پہنچنے کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔

ساتھ ہی یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ غصے سے ہارٹ اٹیک اور فالج جیسے امراض کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

زیادہ غصہ کرنے سے خود کو کیسے روکا جائے؟

طبی ماہرین کے مطابق چند ایسے طریقے موجود ہیں جن کی مدد سے غصے پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

اس کیلئے آپ کو چاہئیے کہ جسمانی سرگرمی بڑھا دیں کیونکہ جسمانی مشقت سے پرسکون نیند آتی ہے اور اس کے ذریعے جذبات پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

اگر آپ غصے سے بے قابو ہونے لگیں تو تھوڑی دیر کا وقفہ لیں اور معاملے سے خود کو الگ کرلیں ،اُس وقت تک جب تک آپ کا غصہ ٹھنڈا نہ ہوجائے۔

ان لوگوں سے بات کریں جن پر آپ پورا بھروسہ کرتے ہیں۔

یوگا کو اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنائیں کیونکہ یہ آپ کو ذہنی و جسمانی سکون فراہم کرتا ہے۔

Anger Issues

Anger Effect On Health