Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

عوام کو بجلی مفت دینے سے متعلق بڑا اعلان جلد ہوگا، مراد علی شاہ

تھر کا کوئلہ برآمد کریں گے، سیلاب زدگان کیلئے مکانات کی تعمیر کے فنڈز کا اہتمام ہوگیا، پریس کانفرنس سے خطاب
شائع 12 مئ 2024 03:23pm

سندھ کے وزیرِ اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اہلِ سندھ نے پاکستان پیپلز پارٹی پر اپنا اعتماد برقرار رکھا ہے۔ بلاول بھٹو کہتے ہیں کہ اب حکومت کو تجاویز کارکن دیں گے۔

حیدر آباد میں صوبائی کابینہ کے ارکان کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے عوام کی امانت ہیں۔ بلاول بھٹو نے انتخابی مہم کے دوران 10 نکاتی ایجنڈا دیا تھا۔ یہ ایجنڈا پورے ملک کے لیے تھا۔

سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم 2022 کے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے کام کر رہے ہیں۔ سندھ حکومت نے 21 لاکھ مکانات کی تعمیر کا مںصوبہ تیار کیا تھا۔ ان مکانات کی تعمیر کے لیے مکمل فنڈنگ کا انتظام ہوچکا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔ اہلِ سندھ کو سیلاب سے محفوظ رکھنے کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔ مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں۔ کراچی میں صحتِ عامہ سے متعلق سہولتوں کی فراہمی میں بہتری آئی ہے۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کسان کارڈ کے اجرا کی طرف جارہی ہے۔ عوام کو مفت بجلی کی فراہمی کے حوالے سے بھی کام کیا جارہا ہے۔ بلاول بھٹو نے 300 یونٹ تک بجلی مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس حوالے سے جلد بڑا اعلان ہوگا۔ تھر سے کوئلہ برآمد کرنے کے اقدامات بھی کیے جارہے ہیں۔ اکنامک زونز کے منصوبوں پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔

سندھ کے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ انسدادِ منشیات کے لیے سخت مہم چلائی جارہی ہے۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سمیت ہر سیاسی جماعت سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ گورنر وفاق کا نمائندہ ہوتا ہے۔ گورنر کے تقرر کا اختیار وزیر اعظم کو حاصل ہے۔

CM Sindh

MQM

Syed Murad Ali Shah

thar coal

FREE ELECTRICITY

PUBLIC HEALTH